7

ماہ رمضان سے پہلے دلوں کو دشمنیوں سے پاک کرنا چاہئے، حضرت امام علی رضا(ع) کی ہدایت

  • News cod : 14957
  • 06 آوریل 2021 - 16:08
ماہ رمضان سے پہلے دلوں کو دشمنیوں سے پاک کرنا چاہئے، حضرت امام علی رضا(ع) کی ہدایت
حوزہ علمیہ کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی نے کہا کہ حضرت امام رضا علیہ السلام نے اس بات کی بھی سختی سے ہدایت فرمائی ہے کہ ضیافت الٰہی کے مہینے میں داخل ہونے سے پہلے دلوں کو پاک و پاکیزہ بنائیں اور اس میں کسی کی نسبت پائی جانے والی دشمنی کی بیخ کنی کریں۔ 

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے استاد حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی نے گزشتہ رات کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماہ شعبان المعظم انتہائی عظمت کا حامل مہینہ ہے جو درحقیقت اللہ تعالیٰ کی مہمانی کے مہینے یعنی: ماہ رمضان المبارک میں داخل ہونے کا مقدمہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حضرت امام رضا علیہ السلام اپنے صحابی اباصلت سے فرماتے ہیں کہ اگر ماہ شعبان میں کوئی کوتاہی سرزد ہوئی ہے تو اس کے آخری دنوں میں اس کی تلافی کرنی چاہئے اور بیہودہ کاموں سے باز رہنا چاہئے۔اگر کوئی شخص خود کو بیہودہ کاموں سے دور رکھنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ اپنی زندگی کا دھارا بدل سکتا ہے؛ لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ آج ہم سب مجازی دنیا(سائبر اسپیس) میں مشغول ہوکر حقیقی دنیا کو یکسر بھلا چکے ہیں۔

حجۃ الاسلام حسینی نے مزید کہاکہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے نورانی کلام کے مطابق ماہ شعبان المعظم میں قرآن مجید کی تلاوت، گناہوں سے توبہ و استغفار اور دعاؤں کی بڑی اہمیت ہے؛ کیونکہ ان اعمال کے ذریعے انسان طہارت و پاکیزگی اور اخلاص کے ساتھ ماہ رمضان المبارک میں داخل ہوسکتا ہے، جو اللہ تعالیٰ کی مہمانی میں جانے کی مطلوبہ حالت ہے۔ اسی طرح امام علیہ السلام کے فرمان کے تحت ماہ شعبان میں امانتوں کی ادا کرنا،نیز حق اللہ اور حق الناس کی ادائیگی بھی ضروری ہے ، تاکہ انسان ماہ رمضان المبارک میں لقمہ حلال سے افطار کر سکے۔

انہوں نے کہاکہ حضرت امام رضا علیہ السلام نے اس بات کی بھی سختی سے ہدایت فرمائی ہے کہ ضیافت الٰہی کے مہینے میں داخل ہونے سے پہلے دلوں کو پاک و پاکیزہ بنائیں اور اس میں کسی کی نسبت پائی جانے والی دشمنی کی بیخ کنی کریں۔

اگر خدانخواستہ اپنے والدین یا اعزہ و اقرباء میں سے کسی کے ساتھ جھگڑا اختلاف ہو، یا درمیان میں کوئی ناراضگی وغیرہ ہو تو ماہ رمضان المبارک سے پہلے پہلے ایسے اختلاف کا خاتمہ کریں۔

حجۃ الاسلام حسینی کا کہنا تھا کہ جب تک زندگی میں گناہ اور نافرمانی کے اسباب و محرکات باقی رہیں گے ، مشکلات کا سامنا بھی زیادہ ہوتا رہے گا اورہر انسان کو گناہ اورمعصیت کے اسباب و عوامل کا بخوبی علم ہوتا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14957

ٹیگز