19

علامہ سید ساجد نقوی کا علامہ امین شہیدی سے فون پر رابطہ، ریاستی اداروں کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت

  • News cod : 15233
  • 10 آوریل 2021 - 11:40
علامہ سید ساجد نقوی کا علامہ امین شہیدی سے فون پر رابطہ، ریاستی اداروں کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی مدظلہ نے امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی کو فون کر کے ان کے فرزند کی خیریت دریافت کی جسے چند روز قبل ریاستی اہل کاروں کی جانب سے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی نے امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی کو فون کر کے ان کے فرزند کی خیریت دریافت کی جسے چند روز قبل ریاستی اہل کاروں کی جانب سے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ علامہ سید ساجد نقوی نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی جرم اور ثبوت کے کسی بھی شہری کو اغوا یا زدوکوب کرنا غیر قانونی اقدام اور سراسر ظلم ہے۔ یہ غیر مہذب اور بے قانون معاشروں کی شناخت ہے،حکومت اور ریاستی اداروں کو اس بات کی طرف متوجہ ہونا چاہیے کہ ہر پاکستانی شہری کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پرامن و محفوظ زندگی تمام شہریوں کا آئینی حق ہے، ان سے یہ حق نہ چھینا جائے۔
انھوں نے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ستر سالوں میں ہمارے خلاف قانون کو اس طرح پامال نہیں کیا گیا جتنا موجودہ دور میں کیا جارہا ہے، دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر کے خلاف تو پہاڑ برابر ثبوت موجود ہیں لیکن وہ محفوظ ہیں اور اُن پر کرم بھی، ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوتی، جبکہ محبِ وطن اور ملک کے خدمت گار بے گناہ لوگوں کے خلاف الزام تراشی، اور انہیں تنگ اور اذیت دینے کے حیلےاور حربے تلاش کئے جاتے ہیں، یہ سب مہذب معاشروں میں نہیں بلکہ جنگل کے معاشرہ میں ہوتا ہے۔

علامہ محمد امین شھیدی نے علامہ سید ساجد علی نقوی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان ایجنسیز کو ہمارے خلاف کسی ثبوت کی تلاش نہیں، کیونکہ وہ ہمیں جانتی ہیں۔ وہ صرف مظلوم مسنگ پرسنز کی حمایت کو جرم قرار دیکر اس عظیم کام سے ہمیں روکنا چاہتی ہیں، لیکن ہم سچائی اور حق کے راستے پر تا دمِ مرگ کھڑے رہیں گے۔ ایسی لاقانونیت اور غیر مہذب حرکتیں ہمیں مظلوم کی حمایت سے نہیں روک پائیں گی۔

آخر میں قائد ملت جعفریہ نے حق پرستوں کی حفاظت اور علامہ محمد امین شھیدی اور اُن کے فرزند کی نصرت اور کامیابی کی دعا کی.

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=15233