7

رمضان کریم کی آمد

  • News cod : 15391
  • 13 آوریل 2021 - 14:52
رمضان کریم کی آمد
شیطان لعنتی اور مردود بننے کے بعد اللہ تعالی سے درخواست کر کے اس کے نیک بندوں کی گمراہی کیلئے کوشش کر رہا ہے ۔ اللہ تعالی نے بھی انسان کو خبردار کرنے کے لئے اسے انسان کا کھلا دشمن کہا ہے۔ماہ رمضان المبارک کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس مہینے میں شیطان کو قید کر لیا جاتا ہے اور مؤمنین تک اس کی رسائی نہیں ہوگی۔

تحریر: حجۃ الاسلام سید احمد رضوی

شَهْرُ رَمَضانَ الَّذی أُنْزِلَ فیهِ الْقُرْآنُ هُدىً لِلنَّاسِ وَ بَیِّناتٍ مِنَ الْهُدى‏ وَ الْفُرْقانِ
رمضان المبارک کا مہینہ اپنی رحمت، مغفرت اوربرکت کے ساتھ آرہا ہے اس مہینے کی بہت ساری خصوصیات اور فضیلتیں ہیں، جن کو آیات و روایات کی روشنی میں ذکر کیا جاتا ہے:
1: ہدایت کا مہینہ
شَهْرُ رَمَضانَ الَّذی أُنْزِلَ فیهِ الْقُرْآنُ هُدىً لِلنَّاسِ وَ بَیِّناتٍ مِنَ الْهُدى‏ وَ الْفُرْقانِ
ماہ رمضان ہدایت کا مہینہ ہے، جس میں انسان اللہ تبارک و تعالی کی طرف دوسرے مہینوں کی بہ نسبت زیادہ متوجہ ہوتا ہے اور ہدایت کے راستے پر گامزن ہوتا ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ اس مہینے میں نازل ہونے والی برکتیں ہیں۔
2: روزہ اور قیام کا مہینہ
قرآن ( يا أَيُّهَا الَّذينَ آمَنوا كُتِبَ عَلَيكُمُ الصِّيامُ كَما كُتِبَ عَلَى الَّذينَ مِن قَبلِكُم لَعَلَّكُم تَتَّقونَ….)
اس مہینے کی ایک فضیلت یہ ہے کہ بندگان خدا روزہ اور اعمال کے ذریعے اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ دن کے وقت روزہ رکھنے اور راتوں کو شب بیداری کرکے خدا کے مقرب بندوں میں شامل ہونے کی کوشش کرتے ہیں.
3: بہار قرآن کا مہینہ
لِکلِّ شَيْءٍ رَبيعٌ وَ رَبيعُ الْقُرْآنِ شَهْرُ رَمَضانَ.
ہر چیز کی ایک بہار ہوتی ہے اور رمضان المبارک تلاوت قرآن کی بہار کا مہینہ ہے ۔ بہار کے موسم میں فطرت اور طبیعت کو نئی زندگی ملتی ہے۔ خزاں کی پژمردگی سے نشاط اور تازگی کی طرف سفر کرنا بھی اسی موسم کی خصوصیات میں سے ایک ہے۔ ماہ رمضان میں بھی انسان پورے گیارہ مہینے کی بے توجہی سے نکل کر اللہ تعالی کی طرف پلٹ کر آتے ہیں اور قرآن مجید کی تلاوت سے اپنی روح کو جلا دیتے ہیں.
4: مغفرت کا مہینہ
إنَّما سُمِّيَ الرَّمَضانُ لأِنَّهُ يُرمِضُ الذُّنُوبَ
“رمض” کے معنی ہیں ختم کرنا اور مٹانا۔ اس مہینے کا نام گناہوں کو مٹانے والا مہینہ رکھا گیا ہے روایات کی رو سے رمضان المبارک کی ہر رات ہزاروں افراد کے گناہوں کو معاف کیا جاتا ہے اور عید کی رات تک بہت سارے انسان کے گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔
5: لمحوں میں برسوں کا سفر کرنے کا مہینہ
لَيْلَةُ الْقَدْرِ خَيْرٌ مِنْ أَلْفِ شَهْرٍ
بے شک شب قدر اس بابرکت مہینے میں پائی جاتی ہے۔ لیلۃ القدر اللہ تعالی کی طرف سے ایک زبردست پیکیج کا نام ہے جس کے ذریعے مؤمنین لمحوں میں برسوں کا سفر کرتے ہیں اور اعلی مراتب پر فائز ہوجاتے ہیں.
6: فقراء اور مساکین کو یاد کرنے کا مہینہ
وَ اذْکُرُوا بِجُوعِکُمْ وَ عَطَشِکُمْ فِیهِ جُوعَ یَوْمِ الْقِیَامَةِ وَ عَطَشَهُ… وَ تَصَدَّقُوا عَلَی فُقَرَائِکُمْ وَ مَسَاکِینِکُمْ
روزے کا ایک فلسفہ یہ بھی ذکر ہوا ہے کہ انسان دنیوی بھوک اور پیاس کو محسوس کرنے کے ذریعے قیا مت کی بھوک اور پیاس کی ایک جھلک دنیا میں دیکھے۔ فقراء و مساکین کی بھوک اور پیاس کی فکر کرے ان کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے تگ و دو کرے اور دوسروں کی نسبت اپنی ذمہ داری کا احساس کرے.
7: تزکیہ نفس اور گناہوں سے دوری کا مہینہ
أفضَلُ الأعمالِ في هذا الشَّهرِ الوَرَعُ عن مَحارِمِ‏ اللّه
حضرت امیر المؤمنین علیہ‌السلام اور پیغمبراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کے مابین ہونے والی ایک گفتگو سے معلوم ہوتا ہے کہ اس مہینے میں سب سے بہترین عمل گناہوں سے باز رہنا اور تزکیہ نفس کرنا ہے۔ پولیس رپورٹوں کے مطابق دنیا بھر میں دوسرے مہینوں کی نسبت رمضان المبارک میں جرائم کی شرح میں اچھی خاصی کمی دکھائی دینی ہے ،جو اس مہینے کی برکت کی نشانی بھی ہے ۔
8: اعمال کے مقابلے کا میدان
امام حسن علیہ السلام : إنّ اللهَ جَعَلَ شَهْرَ رَمَضانَ مِضْماراً لِخَلْقِهِ، فَیسْتَبِقُونَ فیهِ بِطاعَتِهِ إِلی مَرْضاتِهِ،
اس مہینے میں اللہ کے صالح بندے نیک اعمال انجام دینے میں ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ در حقیقت یہ مہینہ مقابلے کا ایک میدان ہے جس میں جو سب سے زیادہ اور بہترین عمل انجام دے گا وہی کامیاب قرار پائے گا.
اس مہینے میں سانس لینا عبادت، ایک آیت کی تلاوت پورا قرآن پڑھنے کے برابر، دعائیں مستجاب ،یہاں تک کہ نیند کو بھی عبادت قرار دیا گیا ہے ۔ یہاں سے مقابلے کے میدان کی اہمیت واضح ہو جاتی ہے.
9 : اللہ تعالی کی مہمانی کا مہینہ
أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّهُ قَدْ أَقْبَلَ إِلَيْكُمْ شَهْرُ اللَّهِ… دعیتم فیہ الی ضیافۃ اللہ
اس مہینے میں انسان کو ملنے والا سب سے بڑا اعزاز خداوند کریم کا مہمان بننا ہے ۔ انسان کو دو عبادتوں کے وقت خدا کا مہمان بتایا گیا ہے :
1۔ جب انسان حج کرنے مکہ مکرمہ میں داخل ہو؛
2۔ جب وہ ماہ مبارک رمضان میں روزہ رکھے ۔
اس مہینے میں مومنین اللہ تعالی کے دسترخوان پر بیٹھ جاتے ہیں اور اپنی اپنی اوقات اور گنجائش کے مطابق فیض و کرم کے اس سرچشمے سے فیضیاب ہوتے ہیں۔
10: دشمن کی اسیری کا مہینہ
والشياطين مغلولۃ….
شیطان لعنتی اور مردود بننے کے بعد اللہ تعالی سے درخواست کر کے اس کے نیک بندوں کی گمراہی کیلئے کوشش کر رہا ہے ۔ اللہ تعالی نے بھی انسان کو خبردار کرنے کے لئے اسے انسان کا کھلا دشمن کہا ہے۔ماہ رمضان المبارک کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس مہینے میں شیطان کو قید کر لیا جاتا ہے اور مؤمنین تک اس کی رسائی نہیں ہوگی۔
اللہ تبارک و تعالی ہم سب کو مؤمن بننے، اپنی بارگاہ اقدس کے مہمان بننے اور گناہوں سے دور رہنے کی توفیق عنایت فرمائے! آمین یا رب العالمین!

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=15391