20

امام حسن مجتبیؑ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد

  • News cod : 16377
  • 28 آوریل 2021 - 18:52
امام حسن مجتبیؑ کی ولادت با سعادت کی مناسبت سے انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد
کریم اہل بیت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی بابرکت اور پر مسرت ولادت کی مناسبت سے انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے گراونڈ میں ایک عظیم الشان جشن میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے روزے دار مومنین اور علماء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، کریم اہل بیت حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی بابرکت اور پر مسرت ولادت کی مناسبت سے انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے گراونڈ میں ایک عظیم الشان جشن میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے روزے دار مومنین اور علماء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مومنین نے حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے محضر مبارک میں آپ کے جد امام حسن مجتبی علیہ السلام کی ولادت باسعادت پر عقیدت و تہنیت پیش کی۔ ممبر علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے رکن برائے علاقہ شکر چکتن اور امام جمعہ سنجگ حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی نے اس بارونق جشن کی صدارت کی ،جبکہ جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ناظر مہدی محمدی اور قم مقدس اور مشہد مقدس سے تشریف لانے والے مبلغین نے بھی اس جشن کی رونق کو دوبالا کیا، جن میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ باقر ناصرالدین اور حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ عبدالرحمن ماجانی سمیت جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل سے منسلک دیگر معزز علمائے کرام قابل ذکر ہیں۔

اس محفل میلاد کا باقاعدہ آغاز آخوند محمد حلیم مدرس مکتب امام رضا برو نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور اس کے بعد تقاریر، منقبت اور قصیدہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ مقررین نے امام حسن مجتبی علیہ السلام کی سیرت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مومنین پر زور دیا کہ وہ امام حسن مجتبی علیہ السلام کی عظیم المرتبت شخصیت کو اپنے لئے مشعل راہ قرار دیں اور محمد و آل محمد علیہم السلام کے دکھائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے اپنی دنیا و آخرت دونوں کو سنوارنے کی سعی بلیغ کریں۔

تصویری رپورٹ| انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن امام حسنؑ منعقد

اس محفل سے حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ عبد الرحمان ماجانی، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد طہ رضوی اور حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی نے خطاب کیا، جبکہ احمد رضا طالب علم جعفریہ اکیڈمی آف ماڈرن ایجوکیشن، مرتضیٰ فاضلی اور محمد ہادی میثم نے اپنی منفرد اور خوبصورت آوازوں میں منقبت خوانی اور بلتی زبان میں قصیدہ خوانی کے ذریعے کریم اہل بیت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی بارگاہ میں عقیدت کے گلدستے پیش کئے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ علی نقی مبلغی نے اپنی صدارتی تقریر میں اس بابرکت مہینے میں اس دن کو منانے اور اس میں شرکت کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مومنین کو خوش قسمت قرار دیا کہ ایک بار پھر اس باعظمت ماہ اور شہر الله کا دیدار نصیب ہوا اور اس مہینے کے اعمال کو سرانجام دیتے ہوئے الله تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کرنے کا موقع فراہم ہوا.

حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ باقر ناصرالدین نے دعائیہ کلمات کے ساتھ اس جشن محفل میلاد کو اپنے اختتام تک پہنچایا۔ محفل کے آخر میں کورونا کی وبائی بیماری کے جلد خاتمے کے لئے دعا کی گئی اسی طرح تمام مراجع عظام تقلید بالخصوص رہبر معظم حضرت آیت العظمی سید علی حسینی خامنہ ای اور آیت الله العظمی سید علی حسینی سیستانی حفظہما الله کی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=16377