13

حضرت علیؑ کی زندگی مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

  • News cod : 16704
  • 05 می 2021 - 6:27
حضرت علیؑ کی زندگی مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امیرالمومنین حضرت علیؑ نے عدل کی بالادستی اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی، دین اسلام کی سربلندی، عدل و مساوات کا قیام اور انسانی اقدار کا تحفظ آپ کی زندگی کا نصب العین تھا، حکمران حضرت علیؑ کے فلسفے پر چلتے ہوئے فیصلے کریں اور ایثار و قربانی کے جذبے کو اختیار کریں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امیرالمومنین حضرت علیؑ نے عدل کی بالادستی اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی، دین اسلام کی سربلندی، عدل و مساوات کا قیام اور انسانی اقدار کا تحفظ آپ کی زندگی کا نصب العین تھا، حکمران حضرت علیؑ کے فلسفے پر چلتے ہوئے فیصلے کریں اور ایثار و قربانی کے جذبے کو اختیار کریں، تو ملک سے دہشتگردی، انتہاء پسندی اور بدعنوانی کے خاتمے کے ساتھ ملک مستحکم ہونے کی طرف گامزن ہوگا۔ یوم علیؑ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک میں بدامنی کی اہم وجہ حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد اور ایثار و قربانی کا جذبہ دیکھنے میں نہیں آتا، حضرت علیؑ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دربار رسالتﷺ سے حضرت علیؑ کو باب العلم کا خطاب عطا ہوا، سرکار دو عالمﷺ نے آپؑ کو بہتر فیصلے کرنے والا قرار دیا، حضرت علیؑ کی زندگی مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے، آپ اللہ عزوجل اور اس کے حبیب حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی خوشنودی کیلئے جئے اور اسی راہ میں اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کو شعار بنا کر ہی احساس محرومی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، حکمران عوام کو مسائل کی دلدل سے نجات دلانے کیلئے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کریں، زکواۃ کے نظام کو شفاف بنایا جائے، تاکہ حق دار کو اس کا حق مل سکے، حضرت علیؑ کی تعلیمات و دور اقتدار مسلم امہ و حکمرانوں کیلئے نمونہ عمل ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=16704