21

اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی عوام کا عزم ناقابل شکست ہے، لیاقت بلوچ

  • News cod : 17009
  • 09 می 2021 - 18:28
اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی عوام کا عزم ناقابل شکست ہے، لیاقت بلوچ
لیاقت بلوچ نے جامع مسجد الاعلیٰ اچھرہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں جوش و خروش کا جذبہ عالم اسلام کی بیداری کی علامت ہے۔ اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی عوام کا عزم ناقابل شکست ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جامع مسجد الاعلیٰ اچھرہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کی حمایت میں جوش و خروش کا جذبہ عالم اسلام کی بیداری کی علامت ہے۔ اسرائیلی جارحیت کیخلاف فلسطینی عوام کا عزم ناقابل شکست ہے۔ مسلم حکمران بیدار ہوں، متحد ہوں، باہمی دوریاں ختم کی جائیں اور اسلام دشمنوں کی پناہ نہ لی جائے۔ عالم اسلام کے مسائل اتحاد امت سے ہی حل ہوں گے۔ حکومت پاکستان کشمیر، فلسطین اور افغانستان ایشوز پر مستقل و طویل المعیاد قومی حکمت عملی بنائے، ایڈہاک ازم سفارتکاری نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کو مفلوج اور سفارتکاروں کے ہاتھ پاوں باندھ دیئے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماہ رمضان قرآن کا نزول، عبادات کی تربیت، اپنے گناہوں سے توبہ، قرآن و سنت پر اکٹھے ہونے اور اسلام دشمنوں کے مقابلے میں غلبہ دین کے لیے جدوجہد کا پیغام ہے۔ انفرادی عبادات کیلئے امت کی اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہی رضائے الٰہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اللہ کی بندگی، رسول اللہ (ص) کی اطاعت اور مخلوق خدا کی خدمت کا درس عمل ہے۔ لیاقت بلوچ سے ہدیۃ الہادی کے مرکزی رہنما حسن الباری گیلانی اور سید نوید الحسن نے ملاقات کی اور امیر ہدیۃ الہادی پیر ہارون گیلانی کی جانب سے انتخابی اصلاحات کیلئے تجاویز دیں۔ لیاقت بلوچ نے وفد سے کہا کہ پاکستان میں آئین، جمہوریت، شفاف، بامقصد انتخابات اور اسلام کی حکمرانی کیلئے علماء، مشائخ اور جمہوری دینی قوتوں کو مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ پاکستان کا آئین پارلیمنٹ کو قرآن و سنت کے احکامات کا پابند کرتا ہے۔ سیاست، معاشرت، معیشت اور تمام شعبہ ہائے زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق ہوں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=17009