14

گلگت بلتستان کے عوام کی مرضی کے برعکس کسی بھی فیصلے کی ایم ڈبلیو ایم قطعی تائید نہیں کرے گی، علامہ راجہ ناصر عباس

  • News cod : 22321
  • 12 سپتامبر 2021 - 12:56
گلگت بلتستان کے عوام کی مرضی کے برعکس کسی بھی فیصلے کی ایم ڈبلیو ایم قطعی تائید نہیں کرے گی، علامہ راجہ ناصر عباس
قومی اسمبلی میں مناسب نمائندگی کے لیے گلگت بلتستان کے عمائدین سے تجاویز و آرا کا تبادلہ کیا جانا چاہئے

وفاق ٹائمز، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی حیثیت کو عبوری آئینی صوبے کی حیثیت سے مزید محروم رکھنا زیادتی ہو گی۔ پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے مجاہدانہ کردار ادا کرنے والی نڈر قوم کی خودمختار صوبے کے حق سے تاحال محرومی ان میں مایوسی کے احساس کو پروان چڑھا رہی ہے۔ ہمیں موجودہ حکومت پر قوی یقین ہے کہ وہ اس درد کا مداوا کرے گی۔ ایک بیان میں سربراہ اہم ڈبلیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں مناسب نمائندگی کے لیے گلگت بلتستان کے عمائدین سے تجاویز و آرا کا تبادلہ کیا جانا چاہئے تاکہ حکومتی فیصلوں اور عوامی خواہشات میں ہم آہنگی موجود رہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کی مرضی کے برعکس کسی بھی فیصلے کی مجلس وحدت مسلمین قطعی تائید نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا گلگت بلتستان آئینی صوبے کے قیام کے لیے پاکستان کی حکومت کو اپنی کوششیں عالمی سطح پر بھی تیز کرنا ہوں گی۔ اقوام متحدہ سمیت ثالث کا کردار ادا کرنے والی بین الاقومی قوتوں کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ جی بی صوبے کا قیام ایک آئینی و قومی تقاضا ہے اور علاقے کی ترقی، استحکام اور انتظامی معاملات کو موثر بنانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جی بی کے عوام نے ہر موقع پر اپنی حب الوطنی کو ثابت کیا ہے۔ آئینی عبوری صوبے کے قیام میں مسلسل تاخیر کو کچھ عناصر ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے جی بی کے عوام میں احساس محرومی پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ انہیں وطن عزیز سے متنفر کیا جا سکے۔ اس زہریلے پروپیگنڈے اور شدت پسندی کے تدارک کے لیے عوامی امنگوں کے عکاس فیصلے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان میں مزید تاخیر کی اب گنجائش نہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=22321