12

پاک ایران فرینڈ شپ بائیک ریلی کے شرکاء دورہ ایران مکمل کر کے ملتان پہنچ گئے

  • News cod : 27383
  • 02 ژانویه 2022 - 11:12
پاک ایران فرینڈ شپ بائیک ریلی کے شرکاء دورہ ایران مکمل کر کے ملتان پہنچ گئے
وسیب ایکسپلورر اور کراس روٹ کلب ملتان چیپٹر کی جانب سے انٹرنیشنل بائیکرز کے اعزاز میں محکمہ آثار قدیمہ کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کلب کی جانب سے انٹرنیشنل بائیکرز کو شاندار کامیابی پر اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق،کراس روٹ کلب انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات، امن اور محبت کو فروغ دینے اور پاکستان کا پرامن چہرہ دنیا کو دکھانے کے لئے پاکستان ایران فرینڈزشپ بائیک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کا آغاز چیئرمین کراس روٹ کلب مکرم ترین جہانگرد کی سربراہی میں 2 دسمبر کو شہرِ لاہور سے ہوا اور یوں 12 باہمت بائیکرز نے وطنِ عزیز کی محبت سے سرشار ہوکر ایران کی جانب رختِ سفر باندھا اور پیغامِ محبت پہنچانے کے لیے ایران کے مختلف شہروں سے ہوتے ہوئے تہران کی جانب رخ کیا۔ دورہِ ایران کی کامیابی کے بعد کراس روٹ کلب کے مختلف چیپٹرز کی جانب سے پاکستان واپسی پر بائیکرز کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ملتان چیپٹر کی عمدہ نمائندگی کے لئے کراس روٹ کلب ملتان چیپٹر کے دو باہمت بائیکرز مجاھد مرزا صاحب اور بابر مقبول نے انٹرنیشنل بائیکرز کا کوئٹہ جا کر استقبال کیا۔

بعدازاں ڈی جی خان چیپٹر کی جانب سے بھی بائیکرز کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ملتان چیپٹر کی جانب سے ریلی کے شرکا کا بابِ قاسم پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وسیب ایکسپلورر اور کراس روٹ کلب ملتان چیپٹر کی جانب سے انٹرنیشنل بائیکرز کے اعزاز میں محکمہ آثار قدیمہ کے دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کلب کی جانب سے انٹرنیشنل بائیکرز کو شاندار کامیابی پر اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس تقریب کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لئے کلب کے دیگر چیپٹرز (بہاولپور چیپٹر، لودھراں چیپٹر، فیصل آباد چیپٹر اور وہاڑی چیپٹر) کے معزز حضرات نے شرکت کی اور اس تقریب کو چار چاند لگائے۔ مزید برآں خانہ فرہنگ ایران ملتان کی انچارج محترمہ خانم بخاری نے بھی خصوصی شرکت کی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=27383