9

سانحہ مری نے حکومتی کارکردگی کو بے نقاب ، قوم کو سوگوار کردیا ، علامہ سبطین سبزواری

  • News cod : 27761
  • 11 ژانویه 2022 - 20:49
سانحہ مری نے حکومتی کارکردگی کو بے نقاب ، قوم کو سوگوار کردیا ، علامہ سبطین سبزواری
شیعہ علماءکونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مری میں برفباری کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماءکونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مری میں برفباری کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے۔

؂انہوں نے کہا کہ سانحہ مری نے حکومتی کارکردگی کو بے نقاب اور قوم کو سوگوار کردیا ہے۔ حکومت کے سیاحت کو فروغ دینے کے بلند بانگ دعووں اور سیاحوں کے لئے ناقص انتظامات کی قلعی کھول دی ہے۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سیاحت کو فروغ دینے کے دعوے کرتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری طرف حکومت کے پاس ریاستی مشینری سیاحوں کو سہولیات تو درکنا ر انہیں تحفظ دینے میں نہ صرف ناکام ہے بلکہ قدرتی حادثات سے نمٹنے کی صلاحیت اور مشینری بھی موجود نہیں ہے۔

علامہ سبطین سبزواری نے افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ موسمیات نے برفانی طوفان کی پیش پیشگی اطلاع بھی دے دی تھی مگر پھر بھی کوئی انتظامات نہ کئے گئے اور سیاحوں کی اتنی بڑی تعداد میںموجودگی کے باوجود ان کی حفاظت کا کوئی انتظام نہ تھا۔ اب سوشل میڈیا پر آنے والی رپورٹس سے واضح ہوا ہے کہ ذمہ دار ریاستی ادارے بھی سڑکوں پر عوام کے تحفظ کے لئے موجود نہیں تھے۔ جب کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے مرنے کی رپورٹ کی تو پھر ریاستی اداروں کو خبر ہوئی۔انہوں نے سانحہ مری کی عدالتی تحقیقات کرنے اور رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں سیاحوں کے تحفظ کا مربوط نظام بنایا جائے ، تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=27761