10

مسئلہ کشمیر پر بھرپور عملی اقدامات اٹھانا ہونگے، علامہ ساجد نقوی

  • News cod : 29069
  • 04 فوریه 2022 - 16:53
مسئلہ کشمیر پر بھرپور عملی اقدامات اٹھانا ہونگے، علامہ ساجد نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر بھر پور عملی اقدامات سے حل ہوگا، جنگ کے سوا دیگر قابل عمل و قابل حل آپشنز پر غور کیا جائے، تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھنے کے ساتھ مظلوم عوام کی ڈھارس بندھائی جاسکے

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر بھر پور عملی اقدامات سے حل ہوگا، جنگ کے سوا دیگر قابل عمل و قابل حل آپشنز پر غور کیا جائے، تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب بڑھنے کے ساتھ مظلوم عوام کی ڈھارس بندھائی جاسکے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطے میں مستقل امن کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوگا، متفقہ قراردادوں کے باوجود اقوام متحدہ کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہے ، اظہار یکجہتی ریلیوں میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کیا۔

قائد ملت جعفریہ نے کہاکہ کشمیری عوام ایک عرصہ سے اپنی آزادی کی تمنا لئے ہوئے کہیں جام شہادت نوش کررہے ہیں تو کہیں عصمت دری، پیلٹ گنز کے ذریعے نشانہ بنایا جارہاہے، ریاستی جبر و ظلم کا کونسا حربہ ہے جو ان مظلوم عوام پر نہ آزمایاگیا ہو مگر آج بھی کشمیر سے آزادی کی صدائیں بلند ہورہی ہیں افسوس پاکستان کی طر ف سے مختلف اقدامات اٹھائے گئے مگرکشمیریوں کی آزادی کےلئے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جو تحریک آزادی کوآگے بڑھائے۔

انہوں نے کہاکہ ماسوائے جنگ کے ایسا قابل قبول اور قابل عمل طریقہ کار وضع کیاجائے تاکہ مسئلہ کشمیر ”جو جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کے قیام کےلئے انتہائی ضروری مسئلہ ہے “حل ہو اور کشمیری عوام کو بھی اپنی سرزمین پر آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہو۔ انہوںنے تجویز کیا کہ کشمیری قیادت اور تمام قومی طبقات تجاویز مرتب کریں اور اقدامات اٹھائے جائیں تو پھر نہ صرف کشمیری عوام کی ڈھارس بندھے گی بلکہ جنوبی ایشیاکا سب سے بڑا مسئلہ سنجیدہ حل کی جانب بھی بڑھے گا ۔ افسوس اقوام متحدہ ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور او آئی سی کا کردار قابل ذکر تک نہ رہا، انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور طریقے سے ان ریلیوں میں شریک ہوکر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29069