22

علامہ شہید حافظ سید محمد ثقلین نقوی ایک مایہ ناز استاد تھے، حجۃ الاسلام مظہر حسینی

  • News cod : 30271
  • 27 فوریه 2022 - 14:59
علامہ شہید حافظ سید محمد ثقلین نقوی ایک مایہ ناز استاد تھے، حجۃ الاسلام مظہر حسینی
مدرسہ الامام المنتظر قم میں شہادت امام موسی کاظم علیہ السلام اور شہید علامہ حافظ ثقلین کی 10ویں برسی کی مناسبت سے ایک مجلس عزاء کا انعقاد ہوا جس سے حجۃ الاسلام مظہر حسینی نے خطاب کیا۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ الامام المنتظر قم میں شہادت امام موسی کاظم علیہ السلام اور شہید علامہ حافظ ثقلین کی 10ویں برسی کی مناسبت سے ایک مجلس عزاء کا انعقاد ہوا جس سے حجۃ الاسلام مظہر حسینی نے خطاب کیا۔

مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام 20 ذی الحجہ سن 128 ہجری قمری میں ابواء نامی گاؤں میں جو مکے اور مدینے کے درمیان واقع ہے, اس دنیا میں تشریف لائے۔ آپ کی مدت امامت پینتیس برسوں پر مشتمل تھی۔ اس عرصے میں آپ نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے ساتھ دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا- علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا اور آپ کی اسی مقبولیت سے خائف ہو کر عباسی خلیفہ ہارون رشید نے ظالم زندان بان سندی بن شاہک کے ذریعے 25 رجب المرجب سن 183 ہجری قمری میں ایک سازش کے تحت زہر دغا دلوا کر انتہائی مظلومیت کے عالم میں شہید کرادیا۔

حجۃ الاسلام مظہر حسینی نے علامہ حافظ ثقلین شہید کی برسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس فاضل عالم دین کی شہادت کو ملک و قوم کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ علامہ حافظ ثقلین شہید مکتبِ اہل بیت کے برجستہ عالم دین تھے انہوں نے اس مکتب کو زندہ رکھنے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

علامہ شہید حافظ ثقلین ایک محقق عالم دین اور حوزوی دروس پر عبور رکھنے والے انتہائی محنتی استاد تھے، انہوں اپنی پوری زندگی اسلامی تعلیمات کی نشر و اشاعت میں صرف کی۔

علامہ حافظ ثقلین شہید محفلوں میں ہمیشہ علمی گفتگو کرتے تھے اور علمائے کرام اور دینی طلاب کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے تھے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30271