13

ملتان، تحریک آزادی القدس کے زیراہتمام مرکزی القدس ریلی، امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش

  • News cod : 33430
  • 29 آوریل 2022 - 22:52
ملتان، تحریک آزادی القدس کے زیراہتمام مرکزی القدس ریلی، امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ آج ہم دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے آواز بلند کررہے ہیں، آل سعود مسلسل 6 سالوں سے یمن پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، تحریک آزادی القدس کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد امام بارگاہ شاہ یوسف گردیز سے گھنٹہ گھر چوک تک القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی رہنما فخر نقوی نے کی۔ ریلی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور مجلس وحدت المسلمین کے کارکنوں کے علاوہ خواتین بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کے شرکا نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل صدر جوہر عباس کا کھنا تھا کہ رہبر کبیر امام خمینی کے حکم پر ہر سال پوری دنیا میں جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے منایا جاتا ہے، فلسطینی عوام نے مزاحمت کا راستہ اپنایا ہے اور فتح ان کا مقدر ہے، ہم پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔

مرکزی رہنما آئی ایس او فخر نقوی کا کھنا تھا کہ جو عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کررہے ہیں یہ فلسطینی شہدا کے خون سے خیانت ہے اور بھت جلد یہ دیکھ لیں گے کہ امریکہ اور اسرائیل جلد از جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، مشرق وسطی سے امریکی فوجیوں کا انخلا اس کا واضح ثبوت ہے کہ امریکہ اپنی طاقت کھو چکا ہے، شھید سردار قاسم سلیمانی جنھیں فلسطینی رہنماوں نے شھید قدس قرار دیا ہے اور آج حماس اور جھاد اسلامی کی اسرائیلی فوجیوں کو شکست دینا قاسم سلیمانی، حزب اللہ اور انقلاب اسلامی کے مرہون منت ہے، جنھوں نے فلسطینیوں کو اسلحہ مہیا کی اور ان کی کمک کی۔

مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج سے 40 سال قبل شھید قائد عارف حسین الحسینی اور شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے امریکہ و اسرائیل مخالف بیانیہ دیا اور آج تک شیعہ قوم شھدا کے علم بلند کئے ہوئے ہے، آج ہم دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے آواز بلند کررہے ہیں، آل سعود مسلسل 6 سالوں سے یمن پر جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے، ہم آل سعود کو متنبہ کرتے ہیں کہ امریکی غلامی سے اپنے آپ کو آزاد کرلے ورنہ اس کا انجام بھی امریکہ و اسرائیل جیسا ہوگا۔ ریلی میں شرکا نے امریکہ اسرائیل مخالف نعرے بلند کئے اور آخر میں امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔ ریلی میں علامہ سلطان شاہ، ایڈووکیٹ یافث نوید ھاشمی، جواد جعفری، سلیم صدیقی، مہر سخاوت علی، وسیم زیدی، ڈاکٹر عاصم سرانی، محمد ثقلین ظفر، عاطف سرانی، ثقلین نقوی، ڈاکٹر احمد حسن اور دیگر نے شرکت کی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=33430