14

حرم امام رضا(ع) میں عید غدیر کی مناسبت سے متبرک دسترخوان کا اہتمام

  • News cod : 36196
  • 17 جولای 2022 - 14:33
حرم امام رضا(ع) میں عید غدیر کی مناسبت سے متبرک دسترخوان کا اہتمام
اطعام اور پذیرائی کا باقاعدہ آغاز حضرت امام ہادی علیہ السلام کی شب ولادت سے ہوا جو کہ عید غدیر کے دن تک صحن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں جاری رہے گا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، آستان قدس رضوی کی جانب سے عشرہ ولایت اور عید غدیر کے ایّام کو بہترین انداز میں منانے اور حرم امام رضا علیہ السلام کے زائرین کو خدمات فراہم کرنے کی غرض سے اور ان کے اعزاز میں ماضی کی طرح مہمانسرای امام رضا(ع) میں پذیرائی کے ساتھ صحن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں بھی دسترخوان بچھایا گیا ہے۔
حرم مطہر رضوی میں زائرین کوخدمات و سہولیات فراہم کرنے والے ادارہ کے سربراہ امین بہنام نے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس نورانی بارگاہ کے زائرین کی صحن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں پذیرائی کے لئے روزانہ تین ہزارلوگوں کے لئے کھانے تیار کرنے کا کام بروز جمعرات مؤرخہ 14جولائی 2022 سے شروع ہوا ۔
امین بہنام نے مزید یہ بتایا کہ اطعام اور پذیرائی کا باقاعدہ آغاز حضرت امام ہادی علیہ السلام کی شب ولادت سے ہوا جو کہ عید غدیر کے دن تک صحن امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام میں جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دسترخوان امام رضا علیہ السلام کے متبرک کھانے کا دعوت نامہ حرم مطہر کے خدام روزانہ صحنوں میں زائرین کے درمیان تقسیم کرتے ہیں،توقع ہے کہ ان ایّام میں خاندان عصمت و طہارت(ع) کے پندرہ ہزار چاہنے والے اور عقیدت مند حضرت امام رضا علیہ السلام کے بابرکت دسترخوان سے مستفید ہوں گے۔
امین بہنام کا کہنا تھا کہ اس دسترخوان کے علاوہ حرم مطہر رضوی کے مہمانسرا میں بھی عشرہ ولایت کے ایّام میں اطعام کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مشہد مقدس کے مضافات اور صوبہ خراسان رضوی کے پسماندہ علاقوں میں حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے مؤرخہ دس جولائی 2022 سے روزانہ دو ہزار متبرک کھانے تقسیم کئے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ عید غدیر تک جاری رہے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36196