7

محرم میں قیام امن کیلئے امن کاررواں چل پڑا، مساجد و امام بارگاہوں کے دورے کئے جائیں گے

  • News cod : 36496
  • 26 جولای 2022 - 15:53
محرم میں قیام امن کیلئے امن کاررواں چل پڑا، مساجد و امام بارگاہوں کے دورے کئے جائیں گے
مولانا عاصم مخدوم نے جامع مسجد کبری نیو سمن آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا امن کارواں کا مقصد مذہبی رواداری کا فروغ ہے، محرم الحرام میں قیام امن کیلئے علما متحرک کردار ادا کریں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، محرم الحرام میں قیام امن کیلئے کُل مسالک علماء بورڈ نے 10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔ بورڈ کا امن کارواں مختلف مدارس، مساجد اور امام بارگاہوں کا دورہ کریگا۔ کُل مسالک علماء بورڈ کے امن کارواں نے جامع مسجد کبری نیو سمن آباد لاہور سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔ جس کی قیادت چیئرمین کُل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم نے کی۔ وفد میں معروف شیعہ عالم دین علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، اہلحدیث عالم دین مولانا شکیل الرحمان ناصر، علامہ پروفیسر سید محمود غزنوی شریک ہیں۔

علامہ محمد حسین گولڑوی، علامہ غلام عباس شیرازی، علامہ محسن آکاش، علامہ اشرف ربانی، شاہ زادہ احسن گیلانی، سہیل احمد رضا، آغا صغیر عباس ورک، علامہ شاہد گورکھا، فوزیہ امیر بھی امن کاررواں میں شامل ہیں۔ مولانا عاصم مخدوم نے جامع مسجد کبری نیو سمن آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا امن کارواں کا مقصد مذہبی رواداری کا فروغ ہے، محرم الحرام میں قیام امن کیلئے علما متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نےکہا کہ محرم تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے، امام حسینؑ نے میدان کربلا سے پوری دنیا کو حریت کا پیغام دیا، انہوں نے دین کی بقاء کیلئے قربانی کا درس دیا، آج دشمن کی سازشوں سے ہم دست و گریباں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اگر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو ملک میں امن قائم ہو سکتا ہے، یہ امن کاررواں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن قائم کیا جائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36496