7

بلوچستان میں بارشوں سے اموات کی تعداد 216 تک پہنچ گئی

  • News cod : 37295
  • 21 آگوست 2022 - 14:58
بلوچستان میں بارشوں سے اموات کی تعداد 216 تک پہنچ گئی
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں مون سون بارشوں سے اموات کی مجموعی تعداد 216 تک پہنچ گئی ہے۔ اسکے علاوہ رابطہ سڑکوں، مکانات اور دیگر انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصانات پہنچے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پراوینشل ڈیزاسٹر اتھارٹی بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں بارشوں سے مزید 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 216 ہوگئی ہیں۔ جبکہ ساڑھے 26 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ کوڑک ٹاپ، شاخہ ٹاپ، قلعہ عبداللّٰہ میں موسلادھار بارش کے باعث بیشتر ندیوں سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔ کوئٹہ چمن شاہراہ زیر آب آ گئی، کئی مقامات پر سڑک ہی بہہ گئی، کوئٹہ چمن کے درمیان ہر قسم کی آمدورفت معطل ہے۔ بلغانی کےعلاقےکلی رشید میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے سیلابی پانی داخل ہوگیا اور کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ ادھر کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی سے سیم نالہ محمد پور گم والا کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور سیلابی پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔ اس کے علاوہ پنجاب بلوچستان شاہراہ چوتھے روز بھی بند ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے پہاڑی سلسلوں سے آنے والے ریلوں نے تباہی مچادی ہے۔ گزشتہ روز سے جاری موسلادھار بارشوں نے بلوچستان میں مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو بھی بری طرح ہلا کر رکھ دیا ہے۔

عارضی آمدورفت کے لیے بحال سڑکیں بھی سیلابی ریلوں میں دوبارہ بہہ گئیں۔ سیلاب سے محفوظ کوئٹہ چمن شاہراہ بھی گزشتہ شب شاخہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ جس سے ہر قسم کی ٹریفک سمیت افغانستان کو بھی مال بردار ٹرانسپورٹ معطل ہوگئی۔ پی ڈی ایم اے نے ایک اور الرٹ جاری کرتے ہوئے آج صوبے کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بولان میں یارو کازوے پر سیلابی ریلے کے باعث این 65 سندھ بلوچستان شاہراہ، کرخ میں خضدار کے قریب M-8، خضدار بسیمہ ایم 30 شاہراہ کوڈک کے قریب سیلابی ریلہ آنے سے بند ہے۔ ژوب ڈی آئی خان N-50 شاہراہ ضلع شیرانی میں دھانہ سر کے مقام پر، کوئٹہ کراچی شاہراہ این 25 ضلع لسبیلہ میں لنڈا پل کے مقام اور این 75 رکھنی کے قریب فورٹ منرو میں ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش نے جعفرآباد، اوستہ محمد، گنداخہ، بارکھان، خضدار، نصیر آباد، چمن، سبی، ژوب، لسبیلہ، پشین، لورالائی، مسلم باغ، قلات، کوئٹہ، زیارت، قلعہ عبداللّٰہ کو پھر سے بری طرح متاثر کیا، اور آج صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ جائے گا۔ بلوچستان کئی دنوں سے ملک بھر سے کٹ چکا اور تاریخ کی تباہ کن صورتحال سے گزر رہا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=37295