5

جو بائیڈن کا بیان ناقص معلومات، حقائق کے منافی اور ہرزہ سرائی کے مترادف ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

  • News cod : 38491
  • 18 اکتبر 2022 - 9:12
جو بائیڈن کا بیان ناقص معلومات، حقائق کے منافی اور ہرزہ سرائی کے مترادف ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہاکہ امریکہ خود جو اپنے جوہری ہتھیاروں سے ماضی میں مختلف ممالک پر حملہ زن رہا ہے وہ کس منہ سے وطن عزیز پاکستان کے دفاع کے لیے بنائے گئے جوہری ہتھیاروں کے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دے سکتا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا جوہری پاکستان سے متعلق بیان ناقص معلومات پر مبنی، حقائق کے منافی اور ہرزہ سرائی کے مترادف ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کسی آزاد اور خودمختار ریاست کے متعلق امریکہ کی یہ پہلی ہرزہ سرائی نہیں ہے اور دنیا امریکہ کی سامراجی ذہنیت سے بخوبی آگاہ ہے لہذا تاریخ کے تناظر میں دنیا اب ایسے امریکی بیان کو سنجیدہ نہیں لیتی۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہاکہ امریکہ خود جو اپنے جوہری ہتھیاروں سے ماضی میں مختلف ممالک پر حملہ زن رہا ہے وہ کس منہ سے وطن عزیز پاکستان کے دفاع کے لیے بنائے گئے جوہری ہتھیاروں کے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پہلے اپنی جانب سے استعمال کیے جانے والے جوہری ہتھیاروں پر دنیا کے متاثرہ ممالک سے اپنی غیر ذمہ دارانہ حرکات پر معافی مانگنی چاہیے اور پھر ان کے نقصانات کا ازالہ کر کے ہی کسی دوسرے ملک کے جوہری پروگرام کے متعلق لب کشائی کرنی چاہیے کیونکہ بقول انکے جو ملک طاقت کے نشے میں خود جوہری ہتھیاروں کا استعمال کر کے آج بھی جاپان کی آنے والی معذور نسلوں کا ذمہ دار ہو وہ کیسے کسی کو غیر ذمہ دار کہہ اور کیسے کسی کے جوہری پروگرام کو غیر محفوظ قرار دے سکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وطن عزیز پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور وہ امریکہ سمیت دنیا کے تمام ممالک کی طرح اپنے دفاع کا نہ صرف حق رکھتا ہے بلکہ پاک سر زمین کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں سے ملک کی دفاعی اور عوامی قوتیں مل کر نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں کہا کہ دنیا کے امن کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ تاریخی حقائق سے سبق حاصل کرے اور اپنے حاشیہ برداروں سمیت دنیا کے امن میں مزید بگاڑ سے باز رہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=38491