38

شام میں امام خمینی(رح) کے نمائندے آیت اللہ واحدی جہرمی انتقال کر گئے

  • News cod : 39122
  • 29 اکتبر 2022 - 13:01
شام میں امام خمینی(رح) کے نمائندے آیت اللہ واحدی جہرمی انتقال کر گئے
انقلابِ اسلامی سے پہلے، شام میں قیام پذیر ہوئے اور کچھ عرصہ تک حرم مطہر حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور حرم حضرت رقیہ سلام اللہ علیہا کے متولی اور حرم مطہر حضرت زینب سلام اللہ علیہا میں امام جماعت کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شام میں حضرت امام خمینی(رح) کے نمائندے اور حرمِ حضرت سکینہ بنت علی علیہما السلام کے متولی آیت اللہ واحدی جہرمی دار فانی کو الوداع کہہ کر دارِ بقا کی طرف کوچ کر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، آیت ‌اللہ سیّد احمد واحدی جہرمی 1311 شمسی میں ایران کے شہر جہرم میں پیدا ہوئے۔ آپ 1332 شمسی میں اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لئے جہرم سے قم المقدسہ گئے اور وہیں سکونت اختیار کی اور آیت اللہ مرزا ہاشم آملی، آیت اللہ شیخ عباس علی شاہرودی، علامہ طباطبائی، آیت اللہ بروجردی اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ سے کسب فیض کیا۔

انقلابِ اسلامی سے پہلے، شام میں قیام پذیر ہوئے اور کچھ عرصہ تک حرم مطہر حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور حرم حضرت رقیہ سلام اللہ علیہا کے متولی اور حرم مطہر حضرت زینب سلام اللہ علیہا میں امام جماعت کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔

شام میں مرحوم آیت اللہ واحدی کی اہم سرگرمیوں میں، دمشق کے شہر داریا میں حضرت سکینہ بنت علی (ع) کے روضہ مبارک کی تعمیر اور اس مقدس حرم کے بحیثیت متولی منتخب ہونا شامل ہے جو تکفیری گروہ کے شام پر حملوں کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔

حالیہ برسوں میں مرحوم عمر رسیدہ ہونے اور بیماری کی وجہ سے تہران میں مقیم تھے۔ انقلابِ اسلامی سے پہلے اور بعد میں، مرحوم آیت اللہ واحدی شام میں امام خمینی (رح) کے وکیل تھے۔ علماء اور بزرگوں، صدر و وزیراعظم، وزراء اور حکومتی عہدیداروں سمیت دمشق کی عوام کے درمیان آپ کو ایک منفرد مقام حاصل تھا۔ آپ کی تصانیف میں، “تعالیم الاسلام”، “الزواج الاسلامی”، “سلسلہ آباء النبی”اور”عقل و دین ” وغیرہ معروف ہیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39122