3

حقیقی دین داری یہ ہے کہ انسان دین کو اس کے تمام فروع اور اصول کے ساتھ تسلیم کرے، حجت الاسلام رفیعی

  • News cod : 39512
  • 03 نوامبر 2022 - 15:10
حقیقی دین داری یہ ہے کہ انسان دین کو اس کے تمام فروع اور اصول کے ساتھ تسلیم کرے، حجت الاسلام رفیعی
آئمہ معصومین کبھی بھی خالص شیعہ معاشرے میں نہیں رہے اور کبھی بھی ان کے پاس خالص شیعہ شہر نہیں تھا بلکہ شیعہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں اور دیگر فرقوں کے افراد کے ساتھ زندگی گزارتے رہے ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام و المسلمین ناصر رفیعی نے گیارہویں امام کی ولادت کی رات کو کریمہ اہلبیتؑ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں تقریر کرتے ہوئے کہا: امام حسن عسکری(ع) کی مدت امامت بہت کم عرصے کی تھی کیونکہ حضرت کی عمر مبارک صرف 28 برس تھی اور ان کی امامت کا دورانیہ تقریباً 6 سال تھا۔

انہوں نے کہا: اہلبیت(ع) کے ایام ولادت کو بہت اچھے انداز میں منانے کی ضرورت ہے اور ان کی ولادت کے ایام میں جشن اور خوشی کی محافل منعقد کی جائیں۔
حوزہ علمیہ کے استاد نے کہا: امام حسن عسکری(ع) کے اقوال میں ایسا کلام پایا جاتا ہے جس میں شیعوں کی صفات بیان ہوئی ہیں اور شیعوں کی ذمہ داریوں کی تبیین اور ان پر تاکید ہوئی ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین رفیعی نے اس بات پر زور دیا کہ ایک شیعہ کو اپنے اردگرد ماحول کی نسبت کیسا ہونا چاہیئے؟ امام حسن عسکری(ع) نے اس ضمن میں فرمایا ہے: علوی شیعہ لوگوں کو اپنے اوپر مقدم سمجھتے ہیں اور لوگوں کے مسائل حل کرتے ہیں اور جہاں اللہ تعالی نے حکم دیا ہے، ہمیشہ حاضر رہتے ہیں اور جس جگہ سے اللہ تعالی نے منع کیا ہے، ایسی جگہوں سے اجتناب کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید تاکید کی کہ اصلی شیعہ کی پہچان اس روایت کے مطابق ہے کہ شیعہ کبھی بھی حرام چیزوں کے پیچھے نہیں جاتا اور ہمیشہ اوامر الہی کا پابند رہتا ہے۔
جامعۃ المصطفی کے علمی بورڈ کے ممبر نے مزید کہا: امام جعفر صادق(ع) فرماتے ہیں: “شیعوں کو ہمیشہ ہم اہلبیت(ع) کیلئے فخر کا باعث ہونا چاہیئے۔”
کریمہ اہلبیت(ع) کے حرم کے خطیب نے کہا: آئمہ معصومین کبھی بھی خالص شیعہ معاشرے میں نہیں رہے اور کبھی بھی ان کے پاس خالص شیعہ شہر نہیں تھا بلکہ شیعہ دیگر مذاہب کے پیروکاروں اور دیگر فرقوں کے افراد کے ساتھ زندگی گزارتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: اسلام دشمن عناصر ہمیشہ شیعوں اور اہل سنت کے مذاہب کے افراد کے درمیان اختلاف اور تفرقہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
حجت الاسلام و المسلمین رفیعی نے مزید کہا: دشمن اچھی طرح جانتا ہے کہ ایران کے نظام کو برکنار نہیں کر سکتا کیونکہ اس کی بنیاد تک ان کی رسائی نہیں ہے اسی لیئے ایران میں موجود مختلف مذاہب کے اندر اختلاف ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا: دشمن کے پاس اتنی طاقت نہیں کہ ایرانی نظام کو برکنار کرے، اسی لیئے اسلامی جمہوریہ ایران پر مختلف انداز سے حملے کرتا ہے۔
انہوں نے بیان کیا: امام حسن عسکری(ع) نے ایک خط میں شیعوں کے نام لکھا: اگر شخص کے اندر تقوا، اخلاق حسنہ جیسے سچائی اور امانتداری جیسی صفات ہوں، وہ شخص شیعہ ہے اور میرے لئے خوشی کا موجب ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین رفیعی نے کہا: حقیقی دین داری یہ ہے کہ انسان دین کو اس کے تمام فروع اور اصول کے ساتھ تسلیم کرے نہ یہ کہ اپنی مرضی کے مطابق عمل کرے۔
حوزہ علمیہ کے استاد نے تاکید کی: امام زمانہ علیہ السلام کی حفاظت اور نگہداری کی ذمہ داری امام حسن عسکری(ع) کے ذمہ تھی جس کو حضرت نے نہایت ذمہ داری اور احسن طریقے سے انجام دیا اور معاشرے کو مہدویت کے حوالے سے تیار کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39512