10

ایرانی پارلیمنٹ میں اہم بل منظور/ایٹمی معاہدے میں یکطرفہ فیصلوں کو ختم کر دیا

  • News cod : 4680
  • 02 دسامبر 2020 - 17:18
ایرانی پارلیمنٹ میں اہم بل منظور/ایٹمی معاہدے میں یکطرفہ فیصلوں کو ختم کر دیا
حوزہ ٹائمز|ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ پابندیوں کے خاتمے کے اسٹریٹجک اقدام کی منظوری، یکطرفہ راستے کا خاتمہ ہے اور مغرب والوں کو یقین رکھنا چاہیے.

حوزہ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اراکین نے منگل کے روز “پابندیوں کے خاتمے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اسٹریٹجک اقدام” کے عنوان سے ایک بل کو منظوری دی ہے۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اس بل کی منظوری پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کئي برس سے ایران، ایٹمی معاہدے کی بنیاد پر یکطرفہ طور پر اپنے وعدوں پر عمل کر رہا ہے لیکن مغربی فریق نے اپنے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے۔

انھوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اپنے وعدوں کو پورا کرتا رہا لیکن مغرب کا کوئي بھی وعدہ عملی جامہ نہیں پہن سکا، کہا کہ مجلس شورائے اسلامی نے یکطرفہ راستے پر چلنے کے ہر فیصلے کو ختم کر دیا ہے البتہ اس نے مغرب والوں کو ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے ایک موقع بھی فراہم کیا ہے۔

ایران کے اراکین پارلیمنٹ نے منگل کے روز “پابندیوں کے خاتمے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اسٹریٹجک اقدام” کا بل متفقہ طور پر پاس کر دیا ہے جس میں محکمہ ایٹمی توانائی کو یورینیم کی افزودگی کی سطح بیس فیصد تک پہنچانے کا پابند بنایا گیا ہے۔

بل کے تحت ایران کا محکمہ ایٹمی توانائی پرامن مقاصد کے لیے ایک سو بیس کلوگرام تک بیس فی صد افزودہ یورینیم اندرون ملک ذخیرہ بھی کرنے کا پابند ہوگا۔

ایران کے ارکان پارلیمان نے ملک کے محکمہ ایٹمی توانائی کو اس بات کا بھی پابند بنایا ہے کہ بل کے قانونی شکل اختیار کرتے ہی، ملک کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے، یورینیم افزودہ بنانے کی گنجائش، افزودگی کی سطح میں کم سے کم پانچ سو کلو ماہانہ کا اضافہ اور افزودہ یورینیم کی نگہداشت اور گودام تیار کرنے کے لیے لازمی اور مناسب اقدامات عمل میں لائے۔

اس بل کے تحت ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کی ذمہ داری ہے کہ وہ بل کی منظوری کے زیادہ سے زیادہ تین ماہ بعد، کم سے کم ایک ہزار سیکنڈ جنریشن آئی آر دو سنیٹری فیوج مشینوں کی تنصیب اور ضرورت کے مطابق یورینیم کی افزدوگی کے عمل کا باضابطہ آغاز کرے۔

علاوہ ازیں اسی مدت کے دوران کم از کم ایک سو چونسٹھ سکستھ جنریشن آئی آر سکس سینیٹری فیوج مشینوں کے ذریعے یورینیم کی افزودگی اور تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات عمل میں لائے اور سال ختم ہونے تک ایسی ایک ہزار سینیٹری فیوج مشینوں کی چین مکمل کرلی جائے۔

اراکین پارلیمنٹ نے محکمہ ایٹمی توانائی کو بل کی منظوری کے پانچ ماہ کے اندر اندر اصفہان کے میٹل یورینیم تیار کرنے والے کارخانے کے افتتاح کا بھی پابند بنایا ہے۔

بل کے ذریعے محکمہ ایٹمی توانائی کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ بل کی منظوری کے ایک ماہ کے اندر اندر، طبی ضرورتوں کی تکمیل کے لیے اسٹبل آئسوٹوپ کی تیاری کی غرض سے اراک کے بھاری پانی کے ری ایکٹر کی جدید کاری کے منصوبے اور شیڈول سے پارلیمنٹ کو آگاہ کرے۔

ایران کے ارکان پارلیمنٹ نے حکومت کو بھی اس بات کا پابند کردیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کے رکن ملکوں کی جانب سے ایران سے متعلق اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہ کرنے، بینکاری لین دین معمول پر نہ آنے، خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور برآمدات میں حائل رکاوٹیں مکمل طور پر ختم نہ ہونے اور برآمدات سے حاصل ہونے والے زرمبادلہ کی مکمل اور فوری واپسی نہ ہونے کی صورت میں، اس بل کی منظوری کے ایک ماہ کے اندر اندر جوہری توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کے ایڈیشنل پروٹوکول پر عملدرآمد بند کردے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=4680