21

شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف سے  یوم تشکر کے عنوان سے پروقار تقریب منعقد

  • News cod : 50551
  • 22 سپتامبر 2023 - 9:49
شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف سے  یوم تشکر کے عنوان سے پروقار تقریب منعقد
تقریب میں شریک تمام اکابرین اور خصوصا میڈیا نے فروغ امن کے حوالے سے عملی کردار ادا کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔اس موقع پرسابق تحصیل ناظم پروا سردار امتیاز بلوچ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی خصوصی دعا کی گئی

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، حسب سابق امسال بھی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر اور شیعہ علماء کونسل ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف سے محرم الحرام،اربعین شہدائے کربلا کے پر امن انعقاد کے حوالے سے یوم تشکر کے عنوان سے پروقار تقریب کے موقع پر ڈویژنل انتظامیہ، پولیس، امن کمیٹیوں ، ڈی آر سی چیئرمین و ممبران ،علماء کرام اور میڈیا کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے دیا گیا۔

کمشنر ڈیرہ ظفر السلام خٹک نے کہا کہ تمام مسالک کے اکابرین ، امن کمیٹی،میڈیااور شہریوں کے مثبت کردار کی بدولت ڈیرہ میں محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنا،محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کے ماحول سے اندازہ ہواکہ اس علاقے کو کیوں ”ڈیرہ پھلاں دا سہرا ”کہا جاتا ہے ،ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار محرم الحرام کے دوران حساس ترین اضلاع میں ہوتا ہے ،میں نے یہاں امن کمیٹی کے ممبران کی محبت دیکھی تو یقین ہوگیا کہ اب یہ علاقہ امن کا گہوارہ ہے اور آئندہ بھی رہے گا ،پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت اور مثالی کردار سے سیکورٹی کے انتظامات کو تشکیل دیا انتظامیہ اور اکابرین شہر سے رابطے رکھے اور دیگر دیگر اداروں نے بھی اپنا پیشہ وارانہ کردار محبت ، اتحاد ، بھائی چارے کے جذبہ سے سرشار ہوکر ادا کیا ، ربیع الاول کا مبارک مہینہ بھی آقائے ختم نبوت کی نسبت سے اپنی منفرد اہمیت رکھتا ہے اور اس مہینہ کو بھی تمام مکاتب فکر اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے۔

ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے بھی مہمان خصوصی کی حیثیت میں خصوصی طور پر شرکت کی اس موقع پر سابق صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ ، سیکرٹری ڈی آر سی محمد نواز محسود، قاری خلیل احمد سراج ، سید فیاض حسین شاہ بخاری ، تحصیل چیئرمین پہاڑ پور مخدوم زادہ سید الطاف حسین شاہ ، مخدوم علی رضا شاہ ،تحصیل چیئرمین درابن احسان اللہ خان میانخیل ، صاحبزادہ عابد فاروقی، معروف قانون دان غلام محمد سپل ایڈوکیٹ، سید ظل حسنین شاہ ،سی ای او واسا سیدصداحسین شاہ عرف رومی شاہ و دیگر موجود تھے ۔اس موقع پر علامہ رمضان توقیر نے آر پی او ڈیرہ ناصر محمود ستی اور کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام خٹک کو اسلامی کتاب کا تحفہ پیش کیا۔

مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر ہمیشہ امن کے خلاف متحرک رہتے ہیں اور امن دوست قوتیں ان کے عزائم کو ناکام بناتی ہیںڈیرہ اسماعیل خان میں پر امن ماحول کا قیام اللہ کا احسان ہے ،اس حوالہ سے پولیس فورس ، انتظامیہ ، سیکورٹی اداروں ،امن کمیٹیوں کے کردار کو اسکا کریڈٹ نہ دینا زیادتی ہوگی ،انہو ںنے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر مثالی کردار ادا کیا، عوام اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا باہمی اعتماد اور تعاون ہی شہروں میں بدامنی کے خاتمہ اور فروغ امن میں کردار ادا کرتا ہے۔اور آج آپ لوگوں کے باہمی اتحاد سے ڈیرہ اسماعیل خان کا شمار پاکستان کے پرامن علاقوں میں ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا جہاد جاری ہے عوام ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ایسے عناصر کو پنپنے کا موقع ہی نہ ملے۔

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ ہے جو اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہوں ، ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر ڈیرہ کے شہری تمام مکاتب فکر کے اکابرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار مثالی ہے ماضی میں یہ سرزمین دہشتگردی کا نشانہ بنی رہی اس سرزمین پر آج امن کی فضا قدرت کا احسان ہے ۔

تقریب میں شریک تمام اکابرین اور خصوصا میڈیا نے فروغ امن کے حوالے سے عملی کردار ادا کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔اس موقع پرسابق تحصیل ناظم پروا سردار امتیاز بلوچ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی خصوصی دعا کی گئی ، تقریب میں محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات ادا کرنے پر کمشنر ڈیرہ ظفر الاسلام ، آر پی او ناصر محمود ستی و دیگر نے ٹی ایم اے اور واسا کے افسران و ہلکاروں خصوصی شیلڈ کا تحفہ پیش کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=50551

ٹیگز