29

جامعۃالکوثر میں علامہ سید سفیر سجاد شیرازی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

  • News cod : 50844
  • 03 اکتبر 2023 - 19:52
جامعۃالکوثر میں علامہ سید سفیر سجاد شیرازی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
شیخ الجامعہ مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی نے مرحوم سید سفیر سجاد شیرازی اور مرحوم شیخ ناصر عباس گھلو کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی

وفاق ٹائمز ، جامعۃالکوثر اسلام آباد کے المصطفی آڈیٹوریم میں درسگاہ کے ہونہار فاضل ،صاحب طرز خطیب علامہ سید سفیر سجاد شیرازی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ہوا۔

بعد از تلاوت کلام پاک مرحوم کے اساتذہ کرام اور ان کے ہمعصر علماء و خطبا حضرات نے مرحوم کی دینی و ملی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی حیات مستعار کے دوران پیش آنے والے اہم واقعات بیان کئے۔فاضل مقررین نے ان کے اخلاص عمل حسن سلوک شرافت و مروت اور غیر معمولی ذہانت و علمی صلاحیت کو عطیہ خداوندی قرار دیتے ہوئے ان کی جدائی کو ایک عظیم نقصان قرار دیا۔

مذکورہ ریفرنس میں جن فاضل مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ان میں آقائے محسن کاظمی، ڈاکٹر ندیم عباس، آقائے نعیم عباس، ڈاکٹر کاظم کمیل،ڈاکٹر شبیر داعی ،مولانا اشرف حسین آخوندزادہ ،مولانا زاہد حسین زہدی مولانا مظہر حسین قبلہ اور علامہ انور علی نجفی شامل تھے جبکہ مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ العالی نے اپنے خصوصی خطاب میں مرحوم سید سفیر سجاد کو افق علوم اسلامی کا ایک چمکتا ہوا ستارہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مرحوم نے اس جہان فانی میں کم وقت گزارا لیکن توفیق خداوندی اور اپنے اخلاص عمل کی بدولت انہوں نے بہ ایں معنی ایک طویل زندگی پائی کہ اپنے پیچھے بہترین آثار باقیہ چھوڑے۔

آپ نے مرحوم کے ساتھیوں اور زیر تعلیم نوجوانوں سے مرحوم سفیر سجاد کا اسلوب کار اپنانے کی تلقین کی۔

شیخ الجامعہ مفسر قرآن حضرت علامہ شیخ محسن علی نجفی نے مرحوم سید سفیر سجاد شیرازی اور مرحوم شیخ ناصر عباس گھلو کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی۔

واضح رہے کہ اس تعزیتی ریفرنس میں مدرسہ مظہر الایمان ڈھڈیال کے اساتذہ کرام و پرنسپل حجۃالاسلام و المسلمین مولانا محی الدین کاظم قبلہ کے علاوہ میانوالی سیالکوٹ و دیگر شہروں کے علماء کرام اور مرحوم کے افراد خانہ نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی جبکہ جامعہ الکوثر کے فاضل خطیب علامہ سید محمد علی ہمدانی نے نقابت کے فرائض بہ احسن خوبی انجام دیے

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=50844

ٹیگز