18

شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی

  • News cod : 51232
  • 15 اکتبر 2023 - 12:25
شیعہ علماء کونسل کے زیراہتمام فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی
ڈیرہ اسماعیل خان کوٹلی امام حسینؑ سے بعد از نماز جمعہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔

وفاق ٹائمز، ڈیرہ اسماعیل خان کوٹلی امام حسینؑ سے بعد از نماز جمعہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں، حماس اور دیگر جنگجو تنظیموں نے اسلام کا سر فخر سے بلند کر دیا، فسلطینی مسلمانوں، دیگر اسلامی جہادی تنظیموں کو عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ الحمداللہ ثمہ الحمداللہ حماس اور فلسطین کے غیور مسلمانوں نے اسرائیل جیسی ناجائز ریاست کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے دلیرانہ تابڑ توڑ حملے کر کے اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کو دندان شکن جواب دیا ہے اور اسرائیل کو اب اپنی ریاست کے لالے پڑے ہوئے ہیں رحم کی بھیک کی اپیلیں کر رہا ہے۔ فلسطینی مسلمانوں اور حماس نے جنگ بدر کی یادیں تازہ کرتے ہوئے اکثریت کو قوت ایمانی سے شکست دی، اسرائیلیوں کو گھر اور مورچے چھوڑنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے نام نہاد ایٹمی اور جدید ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیار رکھنے والے ناسوروں کو ناکوں چنے چبوا کر اور رہبر معظم سید خامنہ ای کی پیشنگوئی سچ ثابت کرتے ہوئے بیت المقدس پر فتح کا جھنڈا لہرا کر اپنی فتح و نصرت کا اعلان کیا۔ رہبر معظم سید خامنہ ای نے پیشن گوئی کی تھی کہ پچیس سال سے پہلے پہلے بیت المقدس میں دنیا بھر کے مسلمان جمعتہ الوداع ادا کریں گے۔ انشاء اللہ اگلے سال جمعتہ الوداع رہبر معظم کی اقتداء میں مسلمان بیت المقدس میں ادا کریں گے۔ ایران اور لبنان نے استعمار کی لالچ اور دھونس دھمکی کو پس پشت ڈال کر اس عظیم کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کچھ نام نہاد امن پسند اور انسانیت کے غم خوار کہے رہے ہیں کہ فلسطینی جنگ میں انسانی حقوق کا خیال نہیں کر رہے۔ اسلام شناس فلسطینی مسلمانوں نے جنگ کے دوران انسانی حقوق کو بھی مدنظر رکھا۔سوشل میڈیا پر دیکھا ہو گا کہ ایک یہودی عورت فلسطینی جنگجو کے رویہ کی تعریف کر رہی ہے کہ گھر میں بچے اور اکیلی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی مجاہدوں نے ہمیں کوئی نقصان نہیں دیا۔عورتوں اور بچوں کے حقوق کا خیال رکھا ہے۔ اس سے پہلے نماز جمعہ کے اجتماع سے مولانا مجاہد حسین جھیڈا نے بھی خطاب کرتے ہوئے حماس فلسطینی مسلمانوں اور دیگر جنگجو تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا اور عظیم کامیابی پر مبارکباد دی۔ ریلی سے سابق ضلعی صدر مولانا کاظم حسین مطہری اور ایم ڈبلیو ایم ڈیرہ اسماعیل خان کے صدر مولانا غضنفر عباس نقوی نے بھی خطاب کیا۔ اظہار یکجہتی ریلی میں مولانا حاجی حنیف رکنوی، مولانا شبیر حسن عسکری، سید انصار علی زیدی کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور فلسطین کے مسلمانوں کی جرات اور بہادری کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=51232