21

بغیر ترجمہ قرآن مجید فائدہ نہیں دے گا، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

  • News cod : 52068
  • 18 نوامبر 2023 - 14:00
بغیر ترجمہ قرآن مجید فائدہ نہیں دے گا، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
قرآن صرف ثواب کی نہیں،بلکہ عملی کتاب ہے، پڑھیں، سمجھیں اور عمل کریں، قرآن مجید کو اپناو گے تو علم حاصل ہوگا، حریت وآزادی آ ئے گی

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامعہ مسجد علی جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ میںقرآن مجید کا ترجمہ پڑھنے پر زوردیتے ہوئے کہاہے جہاں لاکھوں خرچ کر کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائی جاتی ہے، وہیں صرف چند سو خرچ کر کے قرآن مجید ناظرہ اور اس کا ترجمہ پڑھا دیں۔انہوںنے واضح کیا کہ قرآن مجید بغیر ترجمہ کے آپ کو فائدہ نہیں دے گا، یہ صرف ثواب کی کتاب نہیںبلکہ ایک عملی کتاب ہے۔

اسے پڑھیں، سمجھیں اور اس کے مطابق عمل کریں۔ اگر قرآن مجید کو اپناو گے تو علم حاصل ہوگا، حریت وآزادی آ ئے گی ،کسی کے سامنے جھکو گے نہیں، نہ افسر ،زمیندار ، حکمران اور نہ ہی امریکہ کے سامنے جھکنے کی ضرورت ہوگی۔بلکہ قرآن مجید کا علم حاصل کرنے سے آپ میں آزادی کی تڑپ پیدا ہوگی اور استقلال آئے گا۔لیکن افسوس ہم پاکستانیوں میں بحیثیت قوم استقلال ہے اور نہ ہی ہم آزادہیں۔

اگر ہمارے پاس استقلال اور حریت نہیں ہے تو گویا کچھ بھی ہمارے پاس نہیں ہے۔ یہ سب کچھ ملتا ہے قرآن و اہل بیت سے۔ اہل بیت ؑ کوچھوڑنے والوں نے پہلے دن سے ہی کہہ دیا تھا ہمارے لئے قرآن ہی کافی ہے لیکن رسول اللہ کے فرمان کے مطابق قرآن اوراہل بیت کوماننے والوں کو حقیقی طور پراہل ایمان بننا چاہیے ۔ جس کے لئے ضروری ہے کہ قرآن مجید کو پڑھو ،سمجھو ، اپنی زندگی اس کے مطابق ڈھالو، اہل بیت ؑکے اقوال و فرامین پڑھو ، احادیث پڑھو، اہل بیتؑ کی سیرت پڑھواور اس کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالو۔

قرآن مجید جب آپ پڑھیں گے تو گویا معاشرتی طوق سب ختم ہو جائیں گے اور آپ آزاد ہو جائیں گے کیونکہ قرآن مجید آپ کو یہ کہتا ہے:”بس اللہ کے سامنے جھکو، جس جس کے سامنے اللہ کہے جھکو، باقی کسی کی پرواہ نہ کرو۔ اس وقت انسان آزادہو جاتا ہے۔ وہ پھر کسی اور چیز کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔
.

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=52068

ٹیگز