17

خواتین عالم کے لئے جناب سیدہ فاطمہ زہرا ؑ بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان

  • News cod : 52534
  • 16 دسامبر 2023 - 18:39
خواتین عالم کے لئے جناب سیدہ فاطمہ زہرا ؑ بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل ہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ موجودہ سنگین دور میں امت مسلمہ خواتین کی آزادی کے ان اصولوں کی روشنی میں جدوجہد کرے جو جناب سیدہ فاطمہؑ کی طرف سے مقرر کئے گئے ہیں

راولپنڈی/ اسلا م آباد 16دسمبر 2023 ء( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جو لوگ اپنے آپ کو اسلام سے وابستہ رکھے ہوئے ہیں ان کی ہدایت اور رہنمائی کا منبع قرآن کریم اور سنت رسول اکرم ہے اور یہ مسلمانوں کا مسلمہ و متفقہ عقیدہ ہے کہ قرآنی احکام کے مطابق پیغمبر گرامی کی ذات مبارک عالم اسلام کے لئے نمونہ عمل ہے جبکہ پیغمبر اکرم کی اپنی ہدایت اور رہنمائی کے مطابق خواتین عالم کے لئے ماں‘ بیوی اور بیٹی ہر زاویہ نگاہ سے بہترین نمونہ عمل اور آئیڈیل شخصیت جناب سیدہ فاطمہ زہرا ؑ کی ذات ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے پیغام میں کہا کہ جناب سیدہ ؑکے بارے میں فرامین پیغمبر ایسی حقیقت ہیں کہ جسے تمام مسلمان تسلیم کرتے ہیں۔ ان کایہ پہلو سب سے منفرد اور نمایاں ہے کہ وہ عالم نسواں کے لئے قیامت تک نمونہ عمل ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے عمل اور اخلاق کے میدان میں اپنی زندگی کے جو اصول اور نقوش چھوڑے ہیں وہ دائمی اور ابدی ہیں کسی زمانے ‘ معاشرے یا علاقے تک مخصوص اور مختص نہیں ہیں۔انکی نورانی اور معنوی زندگی ہر طرح کے احترام و اکرام کی سزاوار ہے، وہ نگاہ خدا میں تمام عورتوں کا انتخاب ہیں ، انہوں نے اپنے کردار کی پاکیزگی سے عورتوں کو معراج عطا کی ، آپ کاتنہا وجود اس بات پر مکمل گواہ ہے کہ عورتیں بھی معنویت کے عظیم درجات حاصل کرسکتی ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ موجودہ سنگین دور میں امت مسلمہ خواتین کی آزادی کے ان اصولوں کی روشنی میں جدوجہد کرے جو جناب سیدہ فاطمہؑ کی طرف سے مقرر کئے گئے ہیں کیونکہ سیدہ فاطمہ ؑ کی پرورش آغوش رسول میں ہوئی۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے خاندانی‘ ذاتی معاملات سے لے کر اجتماعی معاملات تک ہر موقع پر سیدہؑ کی شخصیت کو مدنظر رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی گود سے ایسی نیک سیرت نسلیں معاشرے کو فراہم کریں جو دنیا میں اسلامی انقلاب لانے کی استعداد رکھتی ہوں جیسا کہ حضرت فاطمہؑ کی پاکیزہ گود سے حسن ؑ اور حسین ؑ جیسی شخصیات پیدا ہوئیں جنہوں نے وقت اور تاریخ کے دھارے کا رخ موڑا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=52534