3

علامہ اقبال کی شاعری ہمیشہ مسلمانوں کےلئے مشعل راہ بنی رہے گی، قائدملت جعفریہ

  • News cod : 55204
  • 21 آوریل 2024 - 17:52
علامہ اقبال کی شاعری ہمیشہ مسلمانوں کےلئے مشعل راہ بنی رہے گی، قائدملت جعفریہ
قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ مصور پاکستان نے امت مسلمہ اور بالخصوص برصغیر کے مسلمانوں کی جس جانب رہنمائی کرائی اور امت کو بیدار کرنے کی کوشش کی اس پر عمل پیراہونے کی ضرورت ہے۔

وفاق ٹائمز، عظیم فلاسفر، مفکر اور شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم وفات پر قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پاکستان کی آزادی سے پہلے ہی 21 اپریل 1938 کو علامہ اقبال انتقال کر گئے تھے تاہم ایک عظیم شاعر اور مفکر کے طور پر قوم ان کی احسان مند رہے گی۔شاعر مشرق علامہ اقبال حساس دل و دماغ کے مالک تھے آپ کی شاعری زندہ شاعری ہے جو ہمیشہ مسلمانوں کے لیے مشعل راہ بنی رہے گی، علامہ اقبال بہت بڑی بات انتہائی آسانی سے کہہ جاتے تھے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہاکہ ہمیں مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے فکر، فلسفے اور شاعری سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے اورملکی بحران میں حل کیلئے مدد لینی چاہیے اورشاعر مشرق کے اتحاد اُمت کے حوالے سے افکار انتہائی اہم ہیں اس پر عمل کرتے ہوئے امت کے اندر اتحاد و حدت کو فروغ دینا چاہیے۔

قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ مصور پاکستان نے امت مسلمہ اور بالخصوص برصغیر کے مسلمانوں کی جس جانب رہنمائی کرائی اور امت کو بیدار کرنے کی کوشش کی اس پر عمل پیراہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں کو کھویا ہوامقام کے حصول اور بھولا ہوا سبق یاد کرانے کی سعی کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے جس پاکستا ن کا خواب دیکھا تھا افسوس وہ آج تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا، ملک میں ہر طرف بحران ہی بحران نظر آتے ہیں، سیاست میں شائستگی کا پہلوختم ہو رہاہے تو برداشت اور مساوات کا مادہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے جو کسی صورت ملکی یکجہتی کےلئے بہتر نہیں۔ ہمیں شاعر مشرق کے اتحاد امت کے پیغام سے رہنمائی لیتے ہوئے باہمی بھائی چارہ کیلئے عملی اقدامات اُٹھانا ہو نگے۔

آخر میں علامہ ساجد نقوی نے کہاکہ ڈاکڑ علامہ اقبال شاعر مشرق نے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی اور اسلامی عظمت کو اجاگر کیا، ان کی کئی کتابوں کے انگریزی، جرمنی، فرانسیسی، چینی، جاپانی اور دوسری زبانوں میں ترجمے ہو چکے ہیں اور اس دور میں مسلم اُمہ میں موجود مایوسی کے باوجود وہ روشن مستقبل کی توقعات کا اظہار ان الفاظ میں کرتے تھے۔

نہیں ہے نا اُمید اقبال اپنی کشت ویراں سے

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت ذرخیز ہے ساقی

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=55204