وفاق ٹائمز، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام زمین پر اللہ تعالیٰ کے پہلے نمائندہ اور حجت خدا ہیں۔ اگر حجت خدا سے زمانہ خالی ہو جائے تو کائنات کا نظام درہم برہم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایسے نمائندہ خدا ہیں کہ جن کے بھیجنے پر اللہ نے انسانیت پر اپنا احسان جتلایا کہ میں نے اپنی مخلوق کے لیے ایسا نمائندہ بھیجا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کے فرمانروا محمد بن سلمان سے اپیل کی ہے کہ وہ جنت البقیع کے مزارات کی تعمیر کروائیں تو ان کی آمدن حج سے بھی زیادہ بڑھ سکتی ہے۔
آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ آئمہ معصومین علیہم السلام میں سے خاتون جنت دختر رسول سیدہ فاطمة الزہرا سلام اللہ علیہا سب سے زیادہ مظلوم ہیں، کیونکہ آپ کسی بھی ملک میں چلے جائیں، سب معصومین کی قبریں محفوظ ہیں، لیکن سعودی عرب میں کہ جہاں سے اسلام شروع ہوا یہاں اہل بیت اطہار علیہم السلام کی قبروں کو مسمار کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا سعودی فرما نروا محمد بن سلمان روشن خیال ہے اور وہ اپنے ملک کی آمدن میں اضافے کا خواہاں بھی ہے اگر وہ اہل بیت اطہار علیہم السّلام کی قبروں کو دوبارہ تعمیر کر دیں تو یقینی طور پر انہیں حج سے زیادہ مالی فائدہ ہوگا اور اگر محمد بن سلمان یہ کام کر دیں تو سعودی عرب کی نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوگا، بلکہ اسلامی دنیا میں ان کا وقار اور عزت بڑھ جائے گی۔