6

ایرانی کورونا ویکسین پبلک ویکسینیشن کے قریب

  • News cod : 8350
  • 17 ژانویه 2021 - 23:11
ایرانی کورونا ویکسین پبلک ویکسینیشن کے قریب
انہوں نے کہا کہ ہر رضاکار کو پہلی ڈوز لگوانے کے بعد دو ہفتے تک ڈاکٹروں کی مکمل نگرانی میں رکھا جائے گا اور مکمل اطمینان کی صورت میں دوسری ڈوز انجیکٹ کی جائے گی۔

وفاق ٹائمز- ایرانی ویکسین کے کلینکل ٹرائل پروجکیٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد رضا صالحی نے قومی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جن چودہ رضاکاروں کو دو ہفتے قبل کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی تھی ان میں سے تین کو دوسری ڈوز گزشتہ روز انجیکٹ کردی گئی ہے اور باقی کو ٹیکہ آج لگادیا جائے گا۔
ڈاکٹر صالحی نے بتایا ہے ایرانی کورونا ویکسین لگوانے والے رضاکاروں میں کسی بھی قسم کے ٹھوس عارضے یا سائیڈ ایفیکٹ کا مشاہدہ نہیں کیا گیا اور ان کی جسمانی حالت پوری طرح مستحکم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انفلوئنزا کی کسی بھی ویکسین لگوانے کی صورت میں یہ بات عام ہے کہ اس میں اکثر بخار آتا ہے اور بعض اوقات نزلے زکام جیسی کیفیت بھی پیدا ہوجاتی ہے۔
ایرانی ویکسین کے کلینکل ٹرائل پروجکیٹ کے سربراہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بتدریج چھپن رضاکاروں پر ویکسین کا تجربہ کامیاب ہوجانے کے بعد، دوسرے مرحلے کی آزمائش شروع کی جائے گی جس میں روزانہ تقریبا پانچ سو افراد ویکسین حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ویکسین “کوو ایران برکت” کے کلینکل ٹرائل کے پہلے فیز کو چودہ روز مکمل ہونے کے باوجود رضاکاروں میں کسی بھی قسم کی منفی علامات اور سائڈ ایفیکٹ کا مشاہدہ نہیں کیا گیا جس کے بعد ملک کی اعلی ترین ڈرگ اتھارٹی نے دوسرے فیز کے تجربے کا اجازت نامہ جاری کیا تھا۔
انہوں نے بتایا پہلے فیز میں چودہ رضاکاروں کو ایرانی کورونا ویکسین کی ایک ایک ڈوز دی گئی تھی جبکہ کلینکل ٹرائل کی تکمیل اور عام ویکسینیشن کے لیے چھپن افراد کو پہلی ڈوز لگائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر رضاکار کو پہلی ڈوز لگوانے کے بعد دو ہفتے تک ڈاکٹروں کی مکمل نگرانی میں رکھا جائے گا اور مکمل اطمینان کی صورت میں دوسری ڈوز انجیکٹ کی جائے گی۔
ایرانی ویکسین کے کلینکل ٹرائل پروجکیٹ کے سربراہ نے مزید کہا کہ پہلے فیز کا مقصد اس ویکسین کے محفوظ ہونے کی تائید حاصل کرنا ہے اور ہمارے ڈاکٹروں اور ماہرین کی ٹیم اس کا بغور جائزہ لینے کے بعد دوسرے مرحلے کا آغاز کرے گی جس میں اس ویکسین کی ایفیشینسی اور تاثیر کا مطالعہ کیا جائے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=8350