وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، سربراہ مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی، سیکرٹری مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماءکونسل پاکستان سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ ، کوارڈینٹرمرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماءکونسل علامہ فرحت عباس جوادی ،صوبائی جنرل سیکرٹری شیعہ علماءکونسل شمالی پنجاب علامہ سید جعفر حسین نقوی ،صدر شیعہ علماءکونسل اسلام آباد نیئر اقبال بلوچ ، سینئر نائب صدر شیعہ علماءکونسل اسلام آباد علامہ سید وزیر حسین کاظمی ، ضلعی صدر شیعہ علماءکونسل راولپنڈی علامہ کوثر عباس قمی ، ضلعی جنرل سیکرٹری سید نزاکت حسین نقوی و دیگر رہنماﺅں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محرم الحرام کے حوالے سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجدعلی نقوی کی جانب سے مرکزی سطح پرمحرالحرام کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو پاکستان بھرمیں عزاداری کے مسائل ومشکلات پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے اس کے ساتھ ساتھ مرکزمیں عزاداری مانیٹرنگ سیل قائم ہے جوچوبیس گھنٹے کام کررہاہے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 20 کے مطابق تمام مکاتب فکر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے اپنے عقائدکے مطابق آزادی کےساتھ عبادات اور رسومات ادا کریں۔جبکہ اعلیٰ عدلیہ کے متعدد فیصلے ہیں کہ کوئی ایگزیکٹوآرڈریا SOP عوام کے بنیادی حقوق کوغصب کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ 2اگست2021ءکو صدر، وزیراعظم ،وفاقی وزیر داخلہ،وفاقی سیکرٹری داخلہ،کوآرڈینیٹر نیکٹا،صوبائی گورنرز،وزراءاعلیٰ،چیف سیکرٹریز،ہوم سیکرٹریز،آئی جیز پولیس کو امن و امان کے قیام ،ذمہ دارعلماءکرام کی اضلاع میں داخلہ و زبان بندی، مجالس اور جلوس ہائے عزا پر بے جا پابندیوں، رکاوٹوں، محدودیت، طلبی ضمانتی بانڈز اور NOCکی شرائط جیسے اقدامات سے گریزاور چاردیواری کے اندر روایتی مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے اور گذشتہ سالوں میں جھوٹی و بلا جواز FIRsاور فورتھ شیڈول میں ڈالے گئے افراد کے ناموں کے اخراج کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و متعلقہ اداروںکو پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا پرفلسفہ شہادت نواسہ رسول اکرم حضرت امام حسینؑاور اُن کے آل ؑو اصحاب عظیم قربانی کے اعلیٰ و ارفع مقاصد سے آگاہی کےلئے خصوصی پروگرامز نشر اور ٹیلی کاسٹ کے خطوط بھی ارسال کیے گئے تھے۔ تاحال کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہاکہ وطن عزیز میں متعدد تقریبات ،جلوس اور ریلیاں منعقد ہو رہی ہیںمجالس حضرت امام حسین ؑ وجلوس ہائے عزا میں رکاوٹیں ڈالنا ایک خاص ذہنیت کی عکاسی ہے۔ ملک بھربالخصوص پنجاب میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے اختیارات سے تجاوز ، غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات اور اعلیٰ عدلیہ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی، ذمہ دار علماءکرام کی اضلاع میں داخلہ و زبان بندی ،جھوٹی وبوگس رپورٹس کو بنیادبنا کربانیان مجالس و جلوس عزاسے زبردستی ضمانتی بانڈزکی طلبی، برسوں سے جاری روایتی پروگرامز کو محدود یا ختم کرنے، اندر چاردیواری مجالس عزاکے انعقادپر دھونس دھاندلی ،دھمکی اور توہین و تضحیک آمیز رویے کے ساتھ ساتھ فورتھ شیڈول میں ڈالنے ،گرفتاریاں اورنظر بندیاں بھی کی جا رہی ہیں جو بلا جواز اور توہین آمیز ہیں ۔پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میںسالہا سال سے جاری روایات کے برعکس ایسا کیا جار ہا ہے ۔ان اقدامات کی وجہ سے ملک بھر میں شدیدغم و غصہ، اشتعال و اضطراب اور تشویش پائی جاتی ہے۔
عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ آپکی وساطت سے حکمرانوں اورسرکاری اہلکاروں کو پیغام دینا چاہتے ہیںکہ قائداعظم کے وژن کے مطابق جن مقاصدکومدنظر رکھتے ہوئے 14اگست 1947کوپاکستان معرض وجودمیں لایاگیاتھا مذکورہ زیادتیاں ان مقاصدکے سراسرخلاف اورمتصادم ہیں۔ ملک کے پرامن حالات کو خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے حکمران، تکفیری مائنڈ سیٹ اہلکاران کو تکفیری ایجنڈے پر عمل درآمد کرانے سے باز رکھیں اورایسے لوگوںکی حوصلہ شکنی کریں اورچھپے تکفیری مائنڈ سیٹ اہلکاران کی جگہ آئین و قانون کی پاسداری کرنے والے ذمہ دار اہلکاران کو تعینات کیا جائے تاکہ کسی غلط رپورٹنگ کے نتیجہ میں ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے سے بچایا جاسکے۔ یہ بات روز اول کی طرح اظہر من الشمس ہے کہ عزاداری سید الشہداؑکے فروغ کےلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر13اگست2021ءکو وفاقی وزیرداخلہ اور صوبائی وزیراعلیٰ پنجاب کوفوری ملاقات کے لئے خطوط ارسال کیے تھے تاحال ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہواجو باعث تشویش ہے۔ آخر میں علامہ عارف واحدی نے اعلان کرتے ہیں کہ غیرآئینی و غیرقانونی ہتھکنڈوں سے عوام کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔یہ اقدامات ایک مکتب فکر کے ساتھ کھلی زیادتی وننگی ۔۔۔اور عزاداری کیخلاف کریک ڈاﺅن ہے ۔پہلے مرحلے میں کرونا ایس او پیز کے تحت ملک بھر میں ہر مجلس اور جلوس میں انتظامیہ اور پولیس کے خلا ف قرار دادیں پاس کی جائیں گی اور عوام کو عزاداری کیخلاف ہونے والی سازش سے آگاہ کیاجائے گا۔اگرحکومت نے صورتحال میں بہتری نہ لائی، غیرآئینی و غیر قانونی اقدامات کا یہ سلسلہ جاری رکھا اورعزاداری کےخلاف حکومتی کریک ڈاﺅن نہ رکا تو جلوس ہائے عزا کو دھرنوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہ سکتے ہیں جیل بھروتحریک پر مجبور نہ کیا جائے۔












