محرم الحرام کے پرامن و پروقار انداز میں اختتام پزیر ہونےکے بعد سابقہ روایات کی طرح شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر کی طرف سے انتظامیہ و سول سوسائٹی کے اعزاز میں ” اظہار تشکر ” کی تقریب جامعہ النجف کوٹلی امام حسین میں منعقد کی گئی .
جس میں کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامر لطیف خان، ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ شوکت عباس،اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ نواب سمیر حسین،امن کمیٹی کے سربراہ حلیم خان قصوریہ،قاری خلیل احمد سراج ۔سابق تحصیل ناظم سردار عمر امین خان گنڈہ پور، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار قیضار خان میانخیل، سابق ممبر صوبائی اسمبلی مظہر جمیل خان علیزئی، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان علیزئی، راجہ شوکت علی، حاجی بشیر احمد خان بلوچ، سردار شفقت اللہ خان بلوچ، ابوالمعظم ترابی ،مخدوم سید علی رضا ،شیعہ علماء کونسل کے ضلعی صدر علامہ مرید کاظم ،سٹی صدر سید انصار شاہ زیدی،ظل حسنین شاہ،سید علی رضا، سجاد شیرازی، سمیت مختلف محکموں کے افسران،ممبران مصالحتی کمیٹی،صحافی برادری،سیاسی و سماجی و مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ عامر لطیف خان نے ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام اور علماء کرام کے محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے و کردار ادا کرنے پر لائق تحسین قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی بھائی چارہ کے فروغ کے لئے کاوشیں تسلسل سے جاری رکھنے کی اپیل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ محرم الحرام کے ہرامن و پروقار انعقاد کو یقینی بنانے ہر پاک فوج، پولیس، سول سوسائٹی، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سمیت میڈیا کا کردار لائق تحسین رہا، انھوں نے کہا کہ ہم تمام شعبوں سے وابستہ شخصیات و اداروں کے مشکور ہیں اور پرامید ہیں کہ انشاءاللہ امن و بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے اربعین ( چہلم امام حسین ) اور میلاد النبی کی تقریبات بھی اسی جوش و خروش اور بھائی چارے کے ماحول میں ہوں گی۔
تقریب کے اختتام پر قاری خلیل احمد سراج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلکی ہم آہنگی و امن و امان کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کرنے پر علامہ رمضان توقیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصی دعا کرائی۔
تقریب کے موقع پر کمشنر ڈیرہ عامر لطیف خان اور ریجنل پولیس آفیسر شوکت عباس کو علامہ رمضان توقیر کی طرف سے قرآن مجید کے تحفے پیش کیے گئے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔











