وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام زمانہ حضرت امام مہدی علیہ السلام عجل اللہ فرجہ کے یوم ولادت اور شب برات کے پرنور موقعہ پر محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدس رات قرب خداوندی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔روایات میں ہے کہ اللہ تعالیٰ پندرہ شعبان کی رات اپنے بندوں پر خصوصی رحمت کی نظر فرماتے ہیں، مغفرت طلب کرنے والوں کی مغفرت کرتے ہیں، رحم کی درخواست کرنے والوں پر رحم کیا جاتا ہے۔اس لیے ہمیں اس رات کی برکتوں سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تعجیل امام زمانہ علیہ السلام کے لیے زمینہ سازی کی ضرورت ہے۔دنیا میں باطل قوتیں مجتمع ہو رہی ہیں۔عالمی آثار سے لگتا ہے کہ امام زمانہ علیہ السلام کا ظہور قریب ہے۔ان کے لشکر میں شامل ہونے کے لیے ہمیں اپنے عمل و کردار کو بے داغ بنانا ہو گا۔امام زمانہ علیہ السلام کی تعجیل کے لیے محض خواہش کافی نہیں بلکہ باعمل ہونا شرط ہے۔ہمیں اپنے کردار کا محاسبہ کرنا ہو گا کہ کیا ہمارے اعمال ایسے ہیں کہ ہم اپنے مولا و آقا کا سامنا کر سکیں۔
انہوں نے کہا دشمنان اہلبیت ع تعجیل امام میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔ اگر ہمارے بھی امام علیہ السلام کے ظہور میں رکاوٹ کا باعث ہیں تو پھر ہمیں محب اہلبیت ع کہلانے کا حق نہیں پہنچتا۔انہوں نے کہا امام زمانہ علیہ السلام کے حقیقی محب شہید قاسم سلیمانی اور ابومہندس جیسے عظیم لوگ تھے۔ان کی زندگیوں سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔












