34

پشاور، خانہ فرہنگ ایران کے زير اہتمام قدس کانفرنس

  • News cod : 46268
  • 17 آوریل 2023 - 15:03
پشاور، خانہ فرہنگ ایران کے زير اہتمام قدس کانفرنس
عالمی یوم القدس کی مناسبت سے امام خمینیؒ ہال میں "قدس عالم اسلام کی ساکھ اور پہچان" کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران پشاور کے زیراہتمام اور امامیہ کونسل برائے اتحاد بین المسلمین خیبر پختونخوا کے اشتراک سے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے امام خمینیؒ ہال میں “قدس عالم اسلام کی ساکھ اور پہچان” کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف سیاسی و مذہبی رہنماوں، دانشوروں، عمائدین سمیت دیگر نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین، سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ آیاز، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر، مرکزی رہنماء دفاع پاکستان کونسل اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری، مولانا محمد شعیب، ایس یو سی کے صوبائی رہنماء علامہ زاہد بخاری اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں یوم القدس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قبلہ اول کی آزادی اور صیہونی مظالم کیخلاف امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔

کانفرنس میں ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران پشاور مہران اسکندریان، نائب صدر ادارہ تبلیغ الاسلام سید فیاض علی شاہ، سابقہ ڈائریکٹر مطالعہ پاکستان سنٹر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر فخر الاسلام، مسلم لیگ نون کے صوبائی رہنماء اختیار ولی خان، صوبائی رہنماء جمعیت اہلحدیث مولانا مقصود احمد سلفی، جمیعت علماء اسلام (ف) کے صوبائی رہنماء اور چیئرمین قومی امن جرگہ اقبال شاہ حیدری، سیکرٹری جنرل امامیہ کونسل سید اظہر علی شاہ، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماء محمد صدیق پراچہ اور مختلف مکاتب فکر کے علماء، مدارس کے مہتمم سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ بیت المقدس نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے کہا کہ رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمیٰ امام خمینیؒ نے بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم مسلمانوں کے درد کو محسوس کرتے ہوئے عالمی سامراجی طاقتوں کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے یوم القدس منانے کا اعلان کیا۔

مرکزی رہنماء دفاع پاکستان کونسل اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے عالم اسلام کو اپنا عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، سامراجی طاقتوں کے خلاف ہمیں مشترکہ آواز بلند کرنا ہوگی، بیت المقدس کو اسرائیلی پنجوں سے آزاد کرانا امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران، سعودیہ تعلقات کی بحالی کے بعد ہر مسلمان اور انصاف پسند شخص کو توقع ہے کہ دونوں ممالک جہاں دیگر موضوعات پر مشترکہ پالیسیاں اپنائیں گے، وہاں قبلہ اول کی آزادی، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور اسرائیلی سازشوں کے مقابلے کیلئے بھی مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کا بچہ بچہ قبلہ اول کی آزادی کی یاد دلاتا ہے اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیساتھ یکجہتی کا درس دیتا ہے۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی (رہ) نے چند دہائیوں پہلے جو نظریہ پیش کیا تھا، آج ہر باشعور مسلمان اس نظریئے کی تائید اور حمایت کر رہا ہے۔ قبلہ اول کو صیہونی پنجوں سے آزاد کرانے کیلئے مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کا بغل بچہ اسرائیل مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، لیکن یہ کبھی بھی اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے، ہم ایک دن ضرور قبلہ اول کو آزاد کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی سطح پر فلسطینیوں کے حقوق کو تسلیم کیا جائے، پاکستان میں بھی پشتونوں کیساتھ فلسطینیوں جیسا سلوک کیا گیا، جس نے اس ظلم کیخلاف آواز اٹھائی، اس کا گلہ کاٹ دیا گیا، اگر ہم یہاں اپنی سرزمین پر ظلم نہیں روک سکتے تو خاک دنیا کے مظالم کو روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو بین الاقوامی مفادات کیلئے پالیسیاں بنائی جاتی ہیں، انہیں ختم کیا جائے، لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق دیئے جائیں۔ اس موقع پر قبلہ اول سے متعلق تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا اور مہمانوں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=46268