وفاق ٹائمز، عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور میں صورتحال کافی کشیدہ ہے۔ محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند کروا دیئے ہیں جبکہ لاہور بورڈ کے تحت آج ہونیوالا پیپر بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ برٹش کونسل کے زیراہتمام او لیول کا فزکس اور اے لیول کے حساب کا امتحان بھی ملتوی کیا گیا ہے۔ بیکن ہاؤس سکول، ایئرفورس، یونیک اور لاہور گرائمر سکول میں بھی چھٹی کر دی گئی ہے۔ بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن کے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب لاہور میں انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر متاثر ہے۔ واٹس ایپ کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش سے شہریوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یوٹیوب، فیس بک بھی معطل ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کے مطابق انٹرنیٹ سروس فی الحال بحال نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پروپیگنڈہ روکنے کیلئے انٹرنیٹ سروس بند کی گئی ہے۔ ادھر میٹرو بس سروس اور اورنج لائن معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ اورنج لائن ٹرین بھی مکمل روٹ پر آپریشنل ہے۔ شہر کی بڑی ہول سیل مارکیٹوں میں کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے۔ شاہ عالم مارکیٹ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، سرکلر روڈ پر کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے۔ بادامی باغ آٹو مارکیٹ، اچھرہ، شاہدرہ، گڑھی شاہو، ہربنس پورہ، شالیمار لنک روڈ، کریم مارکیٹ بھی کھل گئی ہیں، البتہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔












