وفاق ٹائمز، اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی (رہ) کی 34ویں برسی کی مناسبت سے ایرانی قونصل خانے کے زیر اہتمام حسینیہ ایرانیان کراچی میں تقریب “یاد امام خمینیؒ” کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، مفست قرآن مولانا شیخ صلاح الدین، مولانا سید رضی جعفر نقوی، مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا قاضی احمد نورانی صدیقی، مفتی داؤد، علامہ سید صادق رضا تقوی، ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت مختلف مکاتب فکر کی اہم سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات نے شرکت اور خطاب کیا۔
تقریب کے دوران کراچی میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اس کے بعد مقررین نے امام خمینیؒ کی علمی اور عملی سیرت پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کے سامنے خوبصورت نکات پیش کئے۔ آخر میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان اور قونصلیٹ کے تمام اراکین کی جانب سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، میڈیا سے وابستہ افراد اور مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں نظامت اور مترجم کے فرائض خاور عباس نے انجام دیئے۔












