وفاق ٹائمز، کُل مسالک علماء بورڈ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بورڈ کا اجلاس چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی زیرصدارت جامعہ بیت القرآن گلبرگ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم، مفتی سید عاشق حسین، علامہ خالد محمود، سید محمود غزنوی، جہانزیب خان سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے پروگرامز کی تشکیل کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا اور سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ 3 جولائی کولاہورمیں سویڈن واقعہ پر آل مذاہب پارٹیز اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں تمام مذاہب کے قائدین اسلاموفوبیا کیخلاف اپنا مشترکہ موقف دیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ اس حوالے سے او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ بھی لائق تحسین ہے، امت مسلمہ کو متحد ہو کر اس روش کیخلاف آواز اٹھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم پاکستان سے بھی مطالبہ ہے کہ فوری طور پر سویڈن سے احتجاج ریکارڈ کروائیں اور عالمی برداری اس حوالے سے مشترکہ موقف اپنا کر ایسے واقعات کا سدباب کرے۔












