15

مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام ساتواں سالانہ  اجتماع منعقد

  • News cod : 48584
  • 08 جولای 2023 - 21:25
مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام ساتواں سالانہ  اجتماع منعقد
مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام سرگودھا میں مبلغین امامیہ کا ساتواں سالانہ علاقائی اجتماع بعنوان "عظمت غدیر و عاشورا کانفرنس" کا انعقاد

وفاق ٹائمز ، کانفرنس میں چھ مختلف اضلاع سے مبلغین امامیہ اور آئمہ مساجد و جمعہ والجماعت نے شرکت کی۔ ان اضلاع میں سرگودھا، خوشاب، چنیوٹ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ سے تعلق رکھنے والے مبلغین امامیہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجت الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم پاکستان میں ظالم کے خلاف اظہار برات و مظلوم کی حمایت کے اصولی موقف پر قائم ہیں اورقائم رہیں گے۔

پاکستان کے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ صاحب کا کہنا یہ تھا کہ ہم شیعان اہلبیت ہمیشہ سے ظالمین کے خلاف نبرد آزما رہے ہیں اور رہیں گے ہمارا موقف عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہے جس میں قانون کی بالادستی ہو جس میں کسی بھی طبقے کے ساتھ ظلم و زیادتی نہ ہو۔

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حضرت علامہ راجا ناصر عباس جعفری صاحب کے خطاب کے علاوہ کانفرنس سے سربراہ مجلس علماء امامیہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی، موسسہ باقر العلوم قم المقدس کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی، ادارہ الباقرؑ کے شعبہ تربیت کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین سید جاوید حسین شیرازی و مجلس علماء امامیہ پاکستان کے مدیر مسوول حجۃ الاسلام ضیغم عباس و دیگر مقررین نے شرکاء کانفرنس سے خطاب کیا۔

کانفرنس سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ مبلغین دین ایک دینی معاشرے کا بنیادی ترین ستون ہیں۔ مبلغ کو چاہئے کہ وہ معاشرے کی فکری الجھنیں سلجھانے کے ساتھ دیگر سماجی مسائل کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ علماء کرام کو چاہیے کہ اپنے مطالعہ کو وسعت دیتے ہوئے آج کے نوجوان کو فکری طور پر مضبوط بنایا جائے تاکہ وہ معاشرے کے اندر پائی جانے والی فکری مغلطات کا شکار نہ ہوجائے۔

نیز پروگرام کے اختتام پر شرکائے کانفرنس کو الباقر مرکز مطالعات اور موسسہ باقر العلوم کی مشترکہ کوشش سے شائع ہونے والی کتاب ولایت فقیہ؛ عصر غیبت میں اسلام کا سیاسی نظام بطور ھدیہ دی گئی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=48584

ٹیگز