15

عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام پاکستان سمیت پوری دنیا میں منایا گیا

  • News cod : 48899
  • 21 جولای 2023 - 23:24
عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام پاکستان سمیت پوری دنیا میں منایا گیا
عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر (ع) پاکستان کے مرکزی دفتر سے سید علی رضا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال پاکستان بھر میں ۵۰۰ سے زائد مقامات پر مراسم عزاداری منعقد کٰئے گئے

وفاق ٹائمز، عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام اپنی نوعیت کی ایک منفرد عزاداری ہے، جس میں ننھے شیرخوار عزاداروں کا اجتماع ہوتا ہے، جو ۲١ برسوں سے عالمی سطح پر ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں منعقد ہو رہا ہے۔ ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو صبح کے وقت پوری دنیا میں ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں برپا ہونے والا یہ ننھے شیر خواروں کا یہ اجتماع اپنی اسی خصوصیت کی بنا پر عالمی میڈیا اور مختلف عالمی اداروں کی توجہ کا مرکز بھی بنا ہوا ہے۔

عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر (ع) مین ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو حضرت علی اصغر علیہ السلام سے منسوب لباس جو کہ مقامات مقدسہ میں تیار ہوتے ہیں اور اس کے بعد پاکستان بھر میں مائیں اپنے بچوں کو یہ لباس پہنا کر فرشِ عزا پر لاتی ہیں اور اپنے بچوں کو امام زمانہ علیہ السلام کی نصرت اور مدد کے لئے ان کی حفاظت میں دیتی ہیں اور اس بات کا عہد کرتی ہیں کہ ظہور کے وقت ان کا فرزند امام زمانہ (عج) کا سپاہی بن کر آپ کا ساتھ دے گا۔ عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر (ع) کے موقع پر مائیں اور بہنیں مسلک کی قید سے بالاتر ہو کر باب الحوائج حضرت علی اصغر (ع) کی بارگاہ میں حاضر ہوتی ہیں ۔پاکستان کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں بھی اس روز کی عزاداری کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔ شیعہ ہوں یا سنی دیوبندی ہوں یا دوسرے مکتبِ فکر، ہر مسلک سے تعلق رکھنے والی مائیں اور بہنیں اس عزاداری میں شرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر (ع) پاکستان کے مرکزی دفتر سے سید علی رضا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال پاکستان بھر میں ۵۰۰ سے زائد مقامات پر مراسم عزاداری منعقد کٰئے گئے۔ پاکستان میں مرکزی مراسم دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئے جس میں سینکڑوں مائیں اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ اس عزاداری میں شریک ہوئیں۔ اسی طرح پاکستان کے ساحلی شہر اور صوبے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں امام بارگاہ شہداء کربلا انچولی سوسائٹی سمیت ١۴ مرکزی امام بارگاہوں میں عزاداری کے پروگرامز منعقد ہوئے. جبکہ اندرون سندھ سکھر، حیدر آباد, بدین, جیکب آباد سمیت ۸۰ سے زائد مقامات پر یہ مراسم عزاداری منعقد کئے گئے۔

صوبہ پنجاب کے صدر مقام لاھور میں مرکزی پروگرام امام بارگاہ پیر سید شبیر حسین شاہ علاقہ نواب صاحب رائے ونڈ روڈ علی رضا آباد لاہور میں منعقد ہوا، اس کے علاوہ فیصل آباد ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ، بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی غان، میانوالی، بھکر، سرگودھا، جھنگ سمیت تقریبا ۳۰۰ مقامات پر عزاداری کے پروگرامز منعقد کیے گئے۔

جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے مرکز پشاور میں واقع امام بارگاہ ملک رحمان محلہ مروی اور امام بارگاہ سات گرہ گڑھی سیداں ہشتنگری میں عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام کے مرکزی پروگرام منعقد ہوئے اس کے علاوہ ڈیرہ اسمٰعیل خان، ٹانک، اوکرزئی ایجنسی، پارا چنار میں مختلف مقامات پر مراسم عزاداری برپا کئے گئے۔

اُدھر پاکستان کے سب بڑے صوبے بلوچستان کے مرکز کوئٹہ کے امام بارگاہ حسینی ہزارہ ﴿نچاری﴾ میں شیرخواران حسینی کا مرکزی اجتماع منعقد کیا گیا ہے۔

پاکستان کے علاوہ دنیا کے ۴۵ مختلف ممالک میں یہ مراسم ۸۰۰۰ کے قریب مختلف مقامات پر منعقد ہوئے۔جن میں ایران میں قم المقدس اور مشھد مقدس کے ساتھ ساتھ ایران کے تمام بڑے اور چھوٹے شھروں میں مراسم عزاداری منعقد کئے گئے، اسی طرح عراق میں کربلا مقدسہ، نجف المقدس سمیت تمام شہروں میں عزاداری کے پروگرامز منعقد ہوئے۔

اسی طرح یورپ، افریقہ، آسٹریلیا، کینیڈا، امریکہ، سعودیہ عرب، یمن، شام، بحرین، جرمنی اور فرانس میں بھی مختلف مقامات پر عزاداری کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر علیہ السلام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم حضرت علی اصغر (ع) ان جرات مند اور بلند حوصلہ ماؤں کا اپنے وقت کے امام سے تجدید عہد کا دن ہے جو کربلا کی حقیقی پیروکار ہیں۔ جس قوم کے پاس ایسی مائیں موجود ہوں جو اپنے کمسن بچوں کو ہاتھوں پر اٹھا کر امام کی نصرت کا عہد و پیمان کریں اس قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اولاد سے ماں کی محبت کا کوئی متبادل نہیں لیکن عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر (ع) کے موقع پر مائیں اس امر کا اظہار کرتی ہیں کہ امام برحق کی محبت انہیں اپنی اولاد اور اپنی ہر شے سے بڑھ کر عزیز ہے۔ مراسم عزاداری ہماری عبادات کی روح اور ہماری عاشورائی فکر ہمارے کربلائی ہونے کی دلیل ہے۔ عالم استکباری طاقتوں کو ملت تشیع کے کربلائی فہم سے خطرہ ہے۔ امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی زمینہ سازی کے لیے مکتب اہل بیت اطہار علیہم السلام کی آفاقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں عملاً نافذ کرنا ہو گا۔

حاج داود منافی پور دام ظلہ العالی بانی مراسم عالمی یوم عزاداری حضرت علی اصغر (ع) نے اس مراسم کے بارے میں بات کرتے ہو بیان فرمایا کہ پہلا مراسم ۲١ سال پہلے جب منعقد کیا گیا تو ایک اندازہ نہ تھا کہ دس سال کے بعد شاید ھم ۲۵۰۰ مراسم منعقد کر پائیں گے جبکہ ابھی ۲١ سال کے بعد یہ تعداد پوری دنیا میں ۸۰۰۰ مراسم تک پہنچ گئی ہے پہلے سال مراسم میں صرف ۸۰۰ خواتین نے شرکت کی تھی جبکہ ۲١ سال کے بعد جو تعداد شرکت کنندگان کی ہے تقریبا اسی لاکھ ہے۔ اس مراسم کے تمام اخراجات عوامی فنڈنگ سے انجام دیے جاتے ہیں اور کوئی حکومتی فنڈنگ نہیں تھی اب تک،جتنے بھی لباس تیار ہوتے ہیں سب آپ عوام کی مدد سے تیار ہوتے ہیں۔ اسی طرح آئیندہ بھی اھلبیت علیہ السلام کے لطف و عنایت کے ساتھ عام عوام کی مدد سے ہی ھم اس مراسم کو زیادہ تعداد میں منعقد کریں گے.

انھوں نے مزید کہا کہ ۴ سال بعد یعنی اس مراسم کے ۲۵ ویں سال اس مراسم کی تعداد دنیا بھر میں ۲١۰۰۰ مراسم تک پہنچ جائے گی. انشاءاللہ

بشکریہ اسلام ٹائمز

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=48899

ٹیگز