وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدرآیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی ،سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے سویڈن میں قرآن مجید کی دوسری بار توہین اور ڈنمارک میں کلام الٰہی کی بے حرمتی کے تازہ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی ادارے نوٹس لے کر بین اقوامی امن کو برقرار رکھنے کے اقدامات کریں۔ قرآن مجید کی تسلسل کے ساتھ توہین ناقابل برداشت ہے۔توہین قرآن میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے قرآن مجید کی بے حرمتی کو اسلامی مقدسات پر حملہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی ادارے الہامی کتب اور انبیاءعلیہم السلام کی توہین کے سلسلے کوروکنے کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے تسلسل کے ساتھ یورپی ممالک کی طرف سے اسلام پر حملے جاری ہیں اور دین مبین سے نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ایسے اشتعال انگیز واقعات کسی بھی مسلم ملک کے لئے ناقابل برداشت ہیں ۔ان کا کہنا تھا قرآن مجید، اللہ تعالیٰ کا کلام اور اخری الہامی کتاب ہے۔ قرآن کی حفاظت ،اللہ تعالیٰ نے خود اپنے ذمے لی ہے۔ قران مجید کتاب الٰہی ہے ،جس سے ہدایت کے چشمے پھوٹتے ہیں۔یہ کتاب مقدس ،صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے انسانوں کے لئے کتاب ہدایت ہے مگر افسوس کچھ بدبخت اسلام سے نفرت کی بنیاد پر ہمارے مقدسات کی توہین کرکے عالمی امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ قرآن مجید کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ ہم اپنی جانوں پر کھیل کرکے قران کی حفاظت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمان پر امن قوم ہے اور امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔کسی مذہب کے مقدسات کی توہین نہیں کرتے ، اسی طرح ہم دوسروں سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہمارے مقدسات کا احترام کریں۔
قرآن مجید کی توہین ناقابل برداشت ہے،آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
عالمی ادارے الہامی کتب اور انبیاءعلیہم السلام کی توہین روکنے کے اقدامات کریں، صدر وفاق المدارس الشیعہ
مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=48939












