وفاق ٹائمز، 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس عزا میں بعد نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج منعقد کیا گیا۔ احتجاج میں علماء کرام و ذاکرین نے خطاب کیا جبکہ ہزاروں عزادار شریک رہے۔ احتجاج میں خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ ہمارے پیارے سالوں سے لاپتہ ہیں مگر کوئی انکا پرسان حال نہیں ہے، ہمیں مجبور نا کیا جائے کہ ہم اپنے احتجاج میں مردہ باد اور زندہ باد کے نعرے لگائیں۔
مقررین نے کہا کہ مجالس عزا اور جلوس عزا کے درمیان شیعہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج ہر سطح پر ہوگا، عاشور کے دن حق پرستوں کی جیت اور یزیدیوں کی شکست ہوئی تھی تو ہم ہمیشہ حسین علیہ السلام کے بتائے گئے راستے پر چلتے رہیں گے اور مظلومین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہمیں امید ہے کہ ریاستی اداروں کو ہوش آئے گا اور وہ ہمارے اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔












