15

امت مسلمہ حضرت ابوطالب کی مقروض ہے، آیت اللہ صافی گلپائیگانی

  • News cod : 13085
  • 10 مارس 2021 - 15:46
امت مسلمہ حضرت ابوطالب کی مقروض ہے، آیت اللہ صافی گلپائیگانی
مجمع جہانی اہل بیت ؑ کے زیر اہتمام قم میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی نے فرمایا کہ امت مسلمہ حضرت ابوطالب کی مقروض ہے۔حضرت ابوطالب اور ان کے عظیم خاندان نے دین مبین اسلام کی ناقابل فراموش خدمت کی ہے۔ تمام مسلمانوں بالخصوص شیعیان اہل بیت کا فریضہ ہے کہ اس عظیم شخصیت کو پہچاننے اور دوسروں میں متعارف کرانے کی زیادہ سے زیادہ کوشش جاری رکھیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جہانی اہل بیت ؑ کے زیر اہتمام قم میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی نے فرمایا کہ امت مسلمہ حضرت ابوطالب کی مقروض ہے۔حضرت ابوطالب اور ان کے عظیم خاندان نے دین مبین اسلام کی ناقابل فراموش خدمت کی ہے۔ تمام مسلمانوں بالخصوص شیعیان اہل بیت کا فریضہ ہے کہ اس عظیم شخصیت کو پہچاننے اور دوسروں میں متعارف کرانے کی زیادہ سے زیادہ کوشش جاری رکھیں۔ اس سلسلے میں ابتک کی گئی کوششوں کے باوجود بھی ہم اس عظیم شخصیت کے بارے میں سستی اور کوتاہی کا شکار ہیں۔ حضرت ابوطالب تاریخ اسلام کی نام ور شخصیت تھے، جو علم و ادب، صداقت و سچائی اور شجاعت و بہادری میں نمونہ عمل تھے۔ ہم ان کے متعلق جتنا بیان کریں پھر بھی ان کے دریائے فضیلت کا ایک قطرہ بھی بیان نہ ہو پائے گا:
کتاب فضل تو را آب بحر کافی نیست
کہ تر کنند سر انگشت و صفحہ بشمارند
آیت اللہ صافی نے شخصیت حضرت ابوطالب کو متعارف کرانے کی کاوش کو توفیقات الٰہی شمار کرتے ہوئے کہا: جناب ابوطالب کے نام کو زندہ رکھنا احیائے دین و مذہب کے مترادف ہے۔ اس کام میں سہیم ہونے کا شرف اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت اور فرزند ابوطالب حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام کی نظر کرم کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا؛ لہٰذا ہمیں جو شرف ملا ہے اس کی قدر دانی کریں اور اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائیں۔
انہوں نے اس معنوی کانفرس کو حوزہ علمیہ کے لئے باعث افتخار قرار دیتے ہوئے کہا: حوزہ علمیہ ایک طویل عرصے سے اس علمی کانفرنس کے ثمرات سے بہرہ مند ہورہا ہے ، ان شاء اللہ اس جلیل القدر شخصیت کو متعارف کرانے کے لئے ماضی میں کی گئی کوششوں سے بڑھ کر اہتمام کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔
آیت اللہ العظمیٰ صافی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر مجمع جہانی اہل بیت کے جنرل سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور کہا: مجھے آپ کے اس اقدام سے کافی مسرت ہوئی اور مجھے آپ پر رشک آتا ہے؛ یا لیتنی کنت معکم فافوز فوزاً عظیما، اے کاش ! میں بھی آپ کے ہمراہ ہوتا تو میں بھی بڑی کامیابی سے ہمکنار ہوتا۔ میں آپ کے حق میں دعاگو ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت ولی عصر عجل الله تعالی فرجہ الشریف کے لطف و کرم کے سائے میں محفوظ رکھے اور پہلے سے زیادہ کامیابی عطا فرمائے۔ آمین

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=13085