7

بدعتوں سے ہوشیار رہیں/ لوگوں کی سماجی مشکلات کے حل کے لئے اقدامات کریں، آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی

  • News cod : 14954
  • 06 آوریل 2021 - 16:00
بدعتوں سے ہوشیار رہیں/ لوگوں کی سماجی مشکلات کے حل کے لئے اقدامات کریں، آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی
آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی نے پاکستانی مبلغین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: صہیونی لابی ہمیشہ اسلام و مسلمین خصوصا شیعیان اہل بیت اور اسلامی انقلاب کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے؛ لہٰذا آپ مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ منبروں سے دشمنان دین کے پس پردہ عزائم کو بے نقاب کریں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن اور مرکزفقہی ائمہ اطہار علیہم السلام کے سربراہ آیت اللہ جواد فاضل لنکرانی نے پاکستانی مبلغین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صہیونی لابی ہمیشہ اسلام و مسلمین خصوصا شیعیان اہل بیت اور اسلامی انقلاب کے خلاف ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے؛ لہٰذا آپ مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ منبروں سے دشمنان دین کے پس پردہ عزائم کو بے نقاب کریں۔ جس منبر سے مسلمانوں کی عصری ضروریات بیان کرنے سے دامن بچایا جائے ، خواہ جتنی بھی آیات اور احادیث بیان کی جائیں ان کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہ ہوگا۔ واضح رہے کہ آیات اور احادیث سے استفادہ کرتے ہوئے انہیں اپنے زمانے کے حالات پر منطبق کرنا نہایت ضروری ہے۔

آئے دن دین میں داخل کی جانے والی رسومات کے متعلق انہوں نے کہا:سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کلپس کے ذریعے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ لوگ بدعتوں اور خرافات کے ذریعے دین اسلام اور مذہب اہل بیت کا چہرہ مسخ کرنا چاہتے ہیں، اس طرح کی سازشوں کے مقابلے میں مکمل ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ آپ لوگ عوام کو متوجہ کرائیں ،ان کا فریضہ یہ ہے کہ وہ اسلام اور اہل بیت علیہم السلام کےارشادات و فرمودات پر عمل کریں، وہی نماز پڑھیں جو پیغمبر اکرم ﷺ اور اہل بیت علیہم السلام نے پڑھی ہے۔ دوسرے خلیفہ نے دین میں اپنی مرضی کی چیزوں کو فروغ دیتے ہوئے نماز میں ہاتھ باندھنے کا طریقہ ایجاد کیا تھا، لیکن آج کچھ لوگ اہل بیت علیہم السلام کے نام پر دین میں نئی نئی چیزوں کا اضافہ کر رہے ہیں،یہ چیزیں بدعت شمار ہوتی ہیں اور ان کا بجا لانا جائز نہیں ہے۔ ہمیں بدعتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ،کیونکہ دین و مکتب کی حفاظت و نگہداری ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ مبلغین کے لئے ضروری ہے کہ لوگوں کی ہدایت و رہنمائی میں پیش پیش رہیں۔حضور اکرم ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ ایک شخص کو ہدایت سے ہمکنار کرنے کا اتناثواب ہے کہ اس کے مقابلے میں پوری کائنات کو لایا جائے تو اس کا پلڑا بھاری رہے گا۔

تبلیغی مقامات پر درپیش مشکلات سے آشنائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ایک مبلغ کے لئے سب سے پہلے معاشرے کے بارے میں آگاہ ہونے کی ضرورت ہے؛ مثلا: اس کے تبلیغی مقام کی ضروریات کونسی ہیں؟ جوانوں کے ذہنوں میں کس قسم کے سوالات پائے جاتے ہیں؟ لوگوں کو کونسے موضوعات میں شبہات کا سامنا ہے۔ ان چیزوں کو جاننے کے بعد اپنی تقریروں اور خطبوں میں ان سوالات کا جواب دے تاکہ دین الٰہی کی خدمت اور استحکام میں کسی نہ کسی حد تک سہیم ہو سکے، کیونکہ تبلیغ کا مقصد ہی دین الٰہی کے استحکام کی خاطر جدو جہد کرنا اور اس امانت کو بحفاظت نئی نسل کے سپرد کرنا ہے۔

آیت اللہ فاضل لنکرانی نے اس نکتے پر بھی زوردیا کہ اگر مبلغین استطاعت رکھتے ہیں تو انہیں لوگوں کی سماجی مشکلات کے حل کے لئے اقدام کرنا چاہئے۔ ایسا نہ کہیں کہ لوگوں کے پانی بجلی کے مسائل کا مجھ سے کیا واسطہ؟ کیونکہ آج مبلغین کو رضاکارانہ طور پر ان میدانوں میں بھی سرگرم عمل ہونے کی ضرورت ہے۔ جس طرح ایران میں سیلاب، زلزلہ اور کورونا کی وجہ سے درپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمارے عزیز طلاب کرام پیش پیش رہے ہیں،اسی طرح آپ بھی اپنے تبلیغی مقامات پردرپیش مشکلات کے سلسلے میں وہاں کے عمائدین سے بات چیت کریں اور ان کو حل کرنے کے لئے جدو جہد کریں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=14954