6

امام علیؑ کی سیرت تمام عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، سینیئر نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ

  • News cod : 16640
  • 04 می 2021 - 15:51
امام علیؑ کی سیرت تمام عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، سینیئر نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیئنر نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی زندگی سے ایک عام انسان سے لے کر حکمران تک اور ایک طالب علم سے لے کر ایک فقیہہ تک ہر شخص بھرپور استفادہ کرسکتا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سینیئر نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا کہ حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی زندگی سے ایک عام انسان سے لے کر حکمران تک اور ایک طالب علم سے لے کر ایک فقیہہ تک ہر شخص بھرپور استفادہ کرسکتا ہے۔ آج عالم اسلام میں جہالت، افلاس، فکری وعلمی پسماندگی، غربت، استحصال، کرپشن، طبقاتی تفریق، ظلم وجور، اور بے عدلی وناانصافی جیسے مسائل موجود ہیں ان تمام مسائل کا سبب یہی ہے کہ مسلم ممالک میں امیرالمومنین ؑ کے طرز حکمرانی اور طرز جہاں بانی سے استفادہ نہیں کیاجارہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حضرت علی ؑ کے تصور اسلام اور انداز حکمرانی کا مطالعہ کرنا ہوگا تاکہ امیرالمومنین ؑ کی ہمہ جہت شخصیت‘ ان کے دیئے ہوئے اصول اور ان کے چھوڑے ہوئے نقوش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گھمبیر معاشرتی‘ معاشی‘ سیاسی‘ ثقافتی‘ تعلیمی اور انتظامی مسائل کا عصری تقاضوں کے مطابق حل تلاش کرسکیں ۔ علاوہ ازیں انفرادی زندگی میں حضرت علی ؑ کی سیرت کو نمونہ عمل قرار دے کر اپنی دنیوی واخروی نجات کا سامان پیدا کرسکیں۔

جامعۃ المنتظر لاہور کے مہتمم اعلیٰ نے کہا کہ امیرالمومنین ؑ کی ذاتی اور اجتماعی سیرت کا ایک اہم اور درخشاں پہلو عدل اجتماعی کا نفاذہے۔ آپ ؑ نے اپنے ذاتی امور اور حکومتی معاملات کے لئے الگ الگ چراغ جلا کر اور اپنے قریبی اور حقیقی بھائی کو بیت المال سے صرف جائز حق دے کر عدل کی اعلی ترین مثالیں قائم کیں۔ اسی عدل کے سبب آپ ؑ کی شہادت واقع ہوئی ہے۔ عدل علی ؑ آج بھی دنیا میں ایک نمونے اور ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

 

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=16640