13

چھبیسویں رمضان کی دعا اور اس کی مختصر تشریح

  • News cod : 16985
  • 09 می 2021 - 2:04
چھبیسویں رمضان کی دعا اور اس کی مختصر تشریح

تحریر : حجت الاسلام سید احمد رضوی أللّهُمَّ اجْعَلْ سَعْيي فيہ مَشكوراً وَذَنبي فيہ مَغفُوراً وَعَمَلي فيہ مَقبُولاً وَعَيْببي فيہ مَستوراً يا أسمَعَ السّامعينَ […]

تحریر : حجت الاسلام سید احمد رضوی
أللّهُمَّ اجْعَلْ سَعْيي فيہ مَشكوراً وَذَنبي فيہ مَغفُوراً وَعَمَلي فيہ مَقبُولاً وَعَيْببي فيہ مَستوراً يا أسمَعَ السّامعينَ

اے معبود! اس مہینے میں میری کوششوں کو لائق قدردانی قرار دے، میرے گناہوں کو اس میں قابل بخشش قرار دے، اور میرے عمل کو اس میں مقبول اور میرے عیبوں کو پوشیدہ قرار دے، اے سننے والوں کے سب سے زیادہ سننے والے

مومن کی صفات میں سے ایک صفت یہ ہے کہ وہ اپنے وجود کو عیوب سے دور رکھتا ہے، خود کو اسلامی اخلاق حسنہ سے مزین رکھتا ہے اور رزائل اخلاقی سے اپنے وجود کو پاک و منزہ رکھتا ہے ۔
اپنے عیوب کو پہچاننے کے طریقے:
انسان مختلف طریقوں سے اپنے عیوب سے آگاہی حاصل کرسکتا ہے، جن میں سے کچھ طریقے مندرجہ ذیل ہیں:
1۔ مراقبہ اور محاسبہ
یعنی: انسان اپنے اعمال پر نظر رکھے اور روزانہ اپنے اعمال کا حساب و کتاب کرے، تواس کے لئے اپنے عیوب سے آگاہی ممکن ہوجائے گی۔ آگاہی کے بعد ان عیوب کو دور کرنے کی کوشش کرے۔
2۔ جہاں کہیں کوئی عیب یا برائی دیکھے ، تو ان سے پرہیز کرتے ہوئے سبق حاصل کرے۔ شیخ سعدی شیرازی کہتے ہیں: ادب را از کہ آموختی؟ از بی ادبان؛ یعنی: میں نے بے ادب لوگوں سے آداب سیکھے ۔
3۔ اچھے اور پاک طینت انسانوں کی ہمنشینی
اسلام نے اجتماعی زندگی اور باہم مل جل کر زندگی بسر کرنے کی تاکید کی ہے۔ اس اجتماعی زندگی میں انسان کو چاہئے کہ وہ اچھے افراد کے ساتھ گھل مل کر بیٹھے، اچھے اور نیک افراد سےدوستی اور تعلق رکھے۔ اس طرح ایک دوسرے کو بہت سارے فوائد حاصل ہوتے ہیں جن میں سے ایک غلطیوں کی نشاندہی اوراصلاح ہے، کیونکہ اسلام کی نظر میں بہترین دوست وہی ہے جو اپنے دوستوں کی غلطیوں کی نشاندہی کرے۔
حدیث : أحَبُّ إخواني إلَيَّ مَن أهدى إلَيَّ عُيوبي .
ایک اور حدیث میں ہے کہ بہترین دوست وہ ہے جو اچھے کاموں کی دعوت دے اور بڑے کاموں سے دور رکھے ۔
صَدِيقُكَ مَن نَهاكَ ، و عَدُوُّكَ مَن أغراكَ
دوست اور دوستی کی اہمیت کے پیش نظر پیغمبر اکرم ﷺ نے مؤمنین کو ایک دوسرے کا آئینہ قرار دیاہے:
المومن مرآہ المومن
دنیا کی دوستیوں کے آثار اور نتائج قیامت کے دن ظاہر ہوں گے۔ اگر دنیا میں اچھے دوست بنائے ہیں تو قیامت میں خوشیاں ملیں گی، لیکن اگر خوانخواستہ برے دوستوں میں گھرے ہوئے ہوں تو قیامت کے دن حسرت و ندامت کا سامنا ہوگا۔
قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے: الأَخِلاءُ يَوْمَئِذٍ بَعْضُهُمْ لِبَعْضٍ عَدُوٌّ إِلا الْمُتَّقِينَ
يا وَيْلَتى‌ لَيْتَنِي لَمْ أَتَّخِذْ فُلاناً خَلِيلًا
عیب کو چھپانا خیانت ہے:
اگر کوئی اپنے دوست کے عیب سے آگاہ ہو، لیکن وہ استطاعت کے باوجود اس کی نشاندہی نہ کرے تو وہ اس دوست کے متعلق خیانت کا مرتکب ہوا ہے۔ البتہ اگر وہ اسے آگاہ کرنا چاہے تو صرف اسی کو بتائے نہ کہ دوسروں کو۔
حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: مَن رَأى أخاهُ عَلى أمرٍ يَكرَهُهُ ، فَلَم يَرُدَّهُ عَنهُ ـ و هُو يَقدِرُ عَلَيهِ ـ فَقَد خانَهُ
کسی کے عیب کو ختم کرنا ممدوح عمل ہے ، جبکہ عیب جوئی کرنا ایک مذموم فعل ہے۔
اپنے دوست یا کسی دوسرے مؤمن کے عیوب کو دور کرنے کے لئے اسے یاد دہانی کرانا ایک اچھی اور ممدوح صفت ہے ، اس سلسلے میں یاد دہانی کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مدمقابل کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔

لیکن خیال رہے کہ یہ کام اس کی عیب جوئی پر منتج نہ ہو ، کیونکہ عیب جوئی ایک طرح کی بیماری اور حرام فعل ہے۔
مَنْ وَعَظَ أَخَاهُ سِرّاً فَقَدْ زَانَهُ وَ مَنْ وَعَظَهُ عَلَانِیَةً فَقَدْ شَانَه‏
حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام فرماتے ہیں: نصحکت من الملا تقریع
عیب جوئی کا انجام:
حضرت امام محمد باقر علیہ السلام فرماتے ہیں:يا معشرَ مَن أسلَمَ بلِسانِهِ و لَم يُسلِمْ بقلبِهِ، لا تَتَبَّعوا عَثَراتِ المسلِمينَ ؛ فإنّه مَن تَتَبَّعَ عَثَراتِ المسلِمينَ تَتَبَّعَ اللّه ُ عَثْرتَهُ ، و مَن تَتَبَّعَ اللّه ُ عَثْرتَهُ يَفْضَحْهُ
اےاسلام کو زبانی قبول کرکے دل سے قبول نہ کرنے والو ! دوسروں کے عیوب کی ٹوہ میں نہ رہو کیونکہ اگر کوئی دوسروں کے عیوب تلاش کرتا پھرےگا تو اللہ اسے ہی رسوا کردے گا۔
قرآن مجید میں ارشاد ہوتا ہے: إِنَّ الَّذِينَ يُحِبُّونَ أَنْ تَشِيعَ الْفاحِشَةُ فِي الَّذِينَ آمَنُوا لَهُمْ عَذابٌ أَلِيمٌ فِي الدُّنْيا وَ الْآخِرَةِ وَ اللَّهُ يَعْلَمُ وَ أَنْتُمْ لا تَعْلَمُونَ
خداوند متعال ہمیں تمام روحانی بیماریوں سے محفوظ رکھے اور دوسروں کی عیب جوئی کے بجائے اپنے عیوب کی اصلاح کرنے کی توفیق دے۔ آمین!

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=16985