10

صہیونی جرائم اور افغانی طالبات کے وحشیانہ قتل پر المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے غیر ایرانی طلباء کے نمائندوں کا بیان

  • News cod : 17502
  • 18 می 2021 - 15:28
صہیونی جرائم اور افغانی طالبات کے وحشیانہ قتل پر المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے غیر ایرانی طلباء کے نمائندوں کا بیان
انہوں نے کہا ہے کہ ایک طرف سے غاصب صہیونی حکومت بین الاقوامی برادری کی بے حسی ، اسلامی ممالک کے سربراہوں کی مجرمانہ خاموشی اور بعض ممالک کے ساتھ معمول پر لائے گئے تعلقات سے فائدہ اٹھا کر اپنے جرائم کو عروج پر پہنچا رہی ہے ۔ القدس کی توہین کرکے اسے نذر آتش کر رہی ہے، وحشیانہ بمباری کے ذریعے مظلوم اور بیچارہ لوگوں کو گھر سے بے گھر کر رہی ہے، فلسطین کے غیور عوام کی سرکوبی کے لئے ظلم وبربریت کے ذریعے نہتے بچوں اور عورتوں کا بھی بے رحمانہ قتل عام کر کے امت مسلمہ کا دل خون کر رہی ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت کے جرائم اور افغانستان میں بچیوں کے وحشیانہ قتل کے متعلق جامعۃ المصطفی العالمیہ میں غیر ایرانی طلباء کے نمائندوں کا بیان:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

وَإِذَا الْمَوْءُودَةُ سُئِلَتْ بِأيِّ ذَنْبٍ قُتِلَت

عالمی استکبار کو بیداری امت سے لاحق خطرات اور خطے کے کچھ رجعت پسند حکمرانوں کی بیوقوفی اور نادانی کے باعث بدقسمتی سے عالم اسلام ایک مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور آئے دن اسے ایک نئی تباہی اور نئے بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایک طرف سے غاصب صہیونی حکومت بین الاقوامی برادری کی بے حسی ، اسلامی ممالک کے سربراہوں کی مجرمانہ خاموشی اور بعض ممالک کے ساتھ معمول پر لائے گئے تعلقات سے فائدہ اٹھا کر اپنے جرائم کو عروج پر پہنچا رہی ہے ۔ القدس کی توہین کرکے اسے نذر آتش کر رہی ہے، وحشیانہ بمباری کے ذریعے مظلوم اور بیچارہ لوگوں کو گھر سے بے گھر کر رہی ہے، فلسطین کے غیور عوام کی سرکوبی کے لئے ظلم وبربریت کے ذریعے نہتے بچوں اور عورتوں کا بھی بے رحمانہ قتل عام کر کے امت مسلمہ کا دل خون کر رہی ہے۔

دوسری جانب امریکی استکبار اور صہیونیت کے مذموم مقاصد کو عملی جامہ پہنانے والے رجعت پسند استکباری ایجنٹ افغانستان میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔ ان سفاک مجرموں کے ہاتھوں سید الشہداء سکول کی معصوم اور روزہ دار طالبات کی ایک کثیر تعداد شہید اور زخمی ہوچکی ہیں ۔ اس واقعے کے نتیجے میں سینکڑوں شیعہ خاندان سوگوار ہوچکے ہیں۔

عالم اسلام کے علماء و طلباء کے نمائندوں پر مشتمل اس کونسل کے تمام ارکان مذکورہ تمام جرائم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور اسلامی مزاحمتی محاذ کے سرگرم مجاہدوں کی کامیابی ، اسی طرح افغانستان اور فلسطین کے شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ فلسطین اور افغانستان کے مظلوم اور ثابت قدم عوام انقلاب اسلامی سے سبق لیتے ہوئے ،نیز حضرت امام خمینی اوررہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای کے راہنما افکار کی روشنی میں اپنی صفوں میں وحدت اور اتحاد کو ہمیشہ قائم رکھیں گے اور انتہائی بہادری اور دلجمعی کے ساتھ ثابت قدمی دکھاتے ہوئے اسرائیل کی منحوس حکومت ، اس کے آقاؤں اور ان کے رجعت پسند ایجنٹوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے، کیونکہ غاصب صہیونی حکومت کو شکست سے دوچار کرنے اور تکفیری و رجعت پسند عناصر کو نیست و نابودکرنے کے لئے وحدت اور استقامت ہی واحد راستہ ہے۔

و ماالنصر الا من عندالله العزیز الحکیم
اراکین شورائے منطقہ ای طلاب
و مشیران منطقه ای طلاب
جامعةالمصطفی العالمیہ

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=17502