9

شیخ ابراہیم زکزاکی کی رہائی کے موقع پر اہل بیتؑ عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل کا تہنیتی پیغام

  • News cod : 20569
  • 04 آگوست 2021 - 13:51
شیخ ابراہیم زکزاکی کی رہائی کے موقع پر اہل بیتؑ عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل کا تہنیتی پیغام
آیت اللہ رمضانی کے اس پیغام میں شیخ زکزاکی اور نائیجیریا کے مظلوم شیعوں کے دفاع میں انجام پانی والی کاوشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس راہ میں سرگرم تمام افراد، انسانی حقوق کی تنطیموں، نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے وکلاء اور اس ملک کے جانثار عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی نے نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزاکی کو ایک پیغام ارسال کر کے ان کی آزادی پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
آیت اللہ رمضانی کے اس پیغام میں شیخ زکزاکی اور نائیجیریا کے مظلوم شیعوں کے دفاع میں انجام پانی والی کاوشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس راہ میں سرگرم تمام افراد، انسانی حقوق کی تنطیموں، نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے وکلاء اور اس ملک کے جانثار عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے اپنے پیغام کے دوسرے حصے میں، شیخ زکزاکی کے تئیں علماء اور مختلف ادیان و مذاہب کے پیروکاروں کی جانب سے کی گئی حمایتوں کو بین الادیان باہمی تعاون اور آزادی، عدالت اور معنویت کی راہ میں تقریب بین المذاہب کے لیے بہترین نمونہ قرار دیا۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل کا شیخ زکزاکی کو ارسال کئے گئے پیغام کا ترجمہ حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
جناب حجة الاسلام والمسلمین حاج شیخ ابراهیم زاکزاکی دام عزه العالی
سلام علیکم
آپ جناب اور زوجہ مکرمہ کی جیل سے رہائی کی خبر نے ہمارے اور تمام حریت پسند مسلمانوں کے لیے عید غدیر کی خوشی کو دوبالا کر دیا۔
آپ کی غیر قانونی قید اہل بیت(ع) کے غم و اندوہ کے دنوں یعنی ماہ صفر میں شروع ہوئی اور خاندان اہل بیت(ع) کی خوشی کے ایام میں ختم ہوئی، یہ ہمارے لیے ایک متاثر کن تقارن اور جوڑ ہے۔
ان چھے برسوں میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی نے آپ اور نائیجیریا کے مظلوم شیعوں کے دفاع کے لیے قانونی، سیاسی، تبلیغاتی کاوشوں سے لے کر میڈیا اور انسانی حقوق کے ذریعے ہر طرح کی کوششیں کیں۔ اس لیے کہ آپ صلح و آشتی اور قانون پسندی کی علامت اور تمام ادیان کے پیروکاروں کے لیے پرامن بقائے باہمی کے پیامبر اور ہمیشہ انسانی حقوق و آزادی کے پاسباں رہے ہیں۔
آج ہم خود پر لازم سمجھتے ہیں کہ پوری دنیا میں اسمبلی کے تمام اراکین کی جانب سے انتہائی شکریہ ادا کرتے ہیں؛ ان انسانی حقوق کے کارکنان اور تنظیموں کا جو آپ کی حمایت کرتے رہے ہیں، وکلاء کی ٹیم اور ان ججوں کا جنہوں نے دونوں عدالتوں میں آپ کی بے گناہی کا حکم دیا، اور سب سے بڑھ کر اس وفادار قوم اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مسلسل چھے سال اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر پرامن ریلیاں نکالیں اور آپ کی آزادی کا ہمیشہ مطالبہ کیا۔
نیز ضروری سمجھتے ہیں کہ ان علماء اور دیگر ادیان و مکاتب کے ان پیروکاروں کا بھی شکریہ ادا کریں جنہوں نے نائیجیریا کے مظلوم شیعوں کے ہم رکاب حمایت اور احتجاج کیا۔ یہ تجربہ، بین الادیان میں تعاون اور آزادی، عدالت اور معنویت کی راہ میں تقریب بین المذاہب کا ایک بہترین نمونہ ہے۔
بارگاہ رب العزت میں شکرگزار ہیں اور اس خوشی کے موقع پر آپ کے لیے صحت و سلامتی اور توفیقات میں اضافہ، نیز زوجہ مکرمہ جو چھے شہید بیٹوں کی ماں ہیں کے لیے صحت و سلامتی کی بارگاہ خداوندی سے دعا مانگتے ہیں۔
﴿ما عِندَكُمْ يَنْفَدُ وَمَا عِنْدَ اللَّهِ بَاقٍ وَلَنَجزِيَنَّ الَّذِينَ صَبَروا أجرَهُمْ بِأحسَنِ ما كَانُوا يَعمَلُون﴾
رضا رمضانی
سیکریٹری جنرل برائے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی

خیال رہے کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے رکن شیخ زکزاکی اور ان کی زوجہ زینت ابراہیم 28 جولائی 2021 کو نائیجیریا کی عدالت کے حکم سے، چھے سال کے بعد جیل سے رہا ہو گئے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=20569