وفاق ٹائمز، جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور اتحاد العلماء سندھ کے صدر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ اس وقت پوری قوم جس اذیت اور کرب سے دوچار ہے، ایسے حالات پہلے کبھی نہیں تھے، تعلیمی ادارے بند، معاشی صورتحال انتہائی خراب، مہنگائی کا کوڑا عوام کی پیٹھ پر زور سے برس رہا ہے، جبکہ عدل و انصاف اور عوام کی دادرسی و شنوائی کہیں پر نہیں ہو رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامشورو سندھ میں یومِ تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نصراللہ عزیز نےکہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ نے ظلم کیخلاف علم بغاوت بلند کیا اور اپنی خاندان کی قربانی پیش کرکے تاریخ رقم کی، واقعہ کربلا امام حسینؑ کی شہادت پر ختم نہیں ہوا، حسینی تحریک آج بھی یزیدی قوتوں کیخلاف برسرپیکار ہے، جماعت اسلامی حسینی تحریک کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمران کورونا سے بھی زیادہ خطرناک ہیں، اس لئے اب ایسے نااہل حکمرانوں سے ایس او پیز کے تحت فاصلہ رکھنا ضروری ہو چکا ہے۔












