14

پاکستان علماء کونسل نے جمعہ کو یومِ وحدت امت منانے کا اعلان کر دیا

  • News cod : 21735
  • 02 سپتامبر 2021 - 17:05
پاکستان علماء کونسل نے جمعہ کو یومِ وحدت امت منانے کا اعلان کر دیا
علماء و مشائخ عشرہ شہداء پاکستان و تحفظ عقیدت ختم نبوت کے موقع پر ہونے والے اجتماعات، کانفرنسوں، سمینارز میں وطن عزیز کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے

وفاق ٹائمز ، ملک بھر کے علماء و مشائخ نے افغانستان کے مسئلہ پر حکومت کی پالیسی کو قومی امنگوں کے مطابق قرار دیتے ہوئے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے علماء و مشائخ کنونشن میں کہی گئی۔ کنونشن کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرقی وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔ کنونشن سے مولانا حامد الحق حقانی، مولانا سید چراغ الدین شاہ، علامہ عارف واحدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہندوستان کی پاکستان کے خلاف سازشیں اور عزائم واضح ہیں۔

افغانستان کے عزائم کی ناکامی کے بعد ہندوستان پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کے لئے فرقہ وارانہ تشدد اور دیگر سازشیں کر رہا ہے، جن کو روکنے کے لئے تمام مکاتب فکر اور مذہبی و سیاسی جماعتیں، حکومت، افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہیں اور پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کرنے کا اعلان کرتی ہیں اور علماء و خطباء، ذاکرین سے بھی اپیل کرتی ہیں کہ پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملک بھر کے علماء و مشائخ، آئمہ و خطباء سے اپیل کرتے ہیں کہ جمعة المبارک کو یوم وحدت امت کے طور پر منائیں۔ خطبات جمعہ میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کی مذمت اور ملی اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا جائے اور اس موقع پر شہداء پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے اور عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت ۖ کے تحفظ کا عزم کیا جائے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ فیک نیوز قومی سطح پر ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہیں۔ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا میں کوئی بھی بات نشر ہو، اس کی تردید کے باوجود متاثرہ فریق کے لئے معاشرہ میں جو تشویش پیدا ہوتی ہے، اس کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے۔ لہذا اس حوالہ سے ہونے والی قانون سازی میں تمام فریقوں کو بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا چاہیئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ علماء و مشائخ نے یکم ستمبر سے 10 دسمبر تک عشرہ شہداء پاکستان و تحفظ عقیدہ ختم نبوت منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ عشرہ شہداء پاکستان و تحفظ عقیدت ختم نبوت کے موقع پر ہونے والے اجتماعات، کانفرنسوں، سمینارز میں وطن عزیز کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=21735