11

ایران میں پاکستانی پروفیسر کو مصطفی(ص) ایوارڈ سے نوازا گیا

  • News cod : 23995
  • 21 اکتبر 2021 - 15:37
ایران میں پاکستانی پروفیسر کو مصطفی(ص) ایوارڈ سے نوازا گیا
پاکستانی کے ممتاز کیمیا دان ڈاکٹر پروفیسر محمد اقبال چوہدری کو سال 2021ء کے لیے اسلامی دنیا کا سب سے زیادہ ثمرآور اورعلمی کام کرنے والے ماہر کا اعزاز دیا گیا ہے۔

وفاق ٹائمزکے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، تہران میں اسلامی ممالک کے سرکاری یا نجی اداروں، جامعات، کالجوں، تحقیقی اداروں میں کام کرنے والے محققین کے سائنسی کام کا جائزہ لیا گیا، جنہوں نے سال بھر سائنسی خدمات انجام دی ہیں۔
واضح رہے کہ کسی بھی سائنس داں کا انتخاب کرتے وقت اس کی تحقیق کے معیار، اس کی مقدار اور اس کا اثر دیکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر اقبال چوہدری کا انتخاب پاکستان کے ایسے سائنس دانوں میں سے کیا گیا ہے جنہوں نے بہترین علمی و تحقیقی کام بڑی تعداد میں شائع کرایا یا پیش کیا تھا۔
تہران میں عالمی ایوارڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ نامی ایوارڈ، علمی تحقیقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اور یہ انعام مسلمانوں میں اتحاد پیدا کرنے اور سائنسدانوں اور سائنس کی ہم آہنگی کو متعارف کرانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
پاکستانی سائسندان نے مزید کہا کہ ہمیں انسانی تاریخ کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ انسان نے ہمیشہ مختلف بیماریوں کا علاج جڑی بوٹیوں سے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں کا مناسب علاج تلاش کرنے کے لیے جن کا کوئی خاص دوا نہیں ہے، ہمیں ماضی کے طریقہ علاج پربھی توجہ دینی چاہیے، دوسرے لفظوں میں ہمیں ماضی کے علاج کو اپ ڈیٹ کرنا چاہیے تاکہ ہم اس کا مناسب حل تلاش کر سکیں۔ موجودہ چیلنجز بطور کیمسٹ، بیماریوں کے علاج کے لیے میرا نقطہ نظر کیمیائی نقطہ نظرسے ہے، اور جب ہم روایتی ادویات کے بارے میں بات کرتے ہیں تو ہم اس کے کیمیائی زاویوں کو بطور معیار استعمال کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ مصطفیٰ ﷺ پرائزکومسلم دنیا کا نوبل پرائز تصورکیا جاتا ہے جسے سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے2012 ء میں عالمی سطح پر سائنسی امتیاز کے طور قائم کیا گیا تھا جو دو سال میں ایک مرتبہ چار مختلف زمروں بشمول لائف اینڈ میڈیکل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی، نینو سائنس، نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اور سائینس اور ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات میں دیا جاتا ہے، اس سال یہ انعام پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے ساینسدانوں کو متعلقہ شعبہ جات میں دیا جارہا ہے جس کے تحت ایک سائنسدان کو پانچ لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔
پاکستانی پروفیسر اقبال چوہدری نےنامیاتی (آرگینک) اور حیاتی نامیات( بائیو آرگینک) کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں انکی تحریرو ادارت کردہ76کتب شائع ہوچکی ہیں۔
اس کے علاوہ40انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے, بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=23995