15

قرآن و سنت میں سود کو حرام قرار دیتے ہوئے پوری صراحت کیساتھ اس کے لین دین سے سختی سے منع کیا گیا ہے،ملی یکجہتی کونسل

  • News cod : 25133
  • 08 نوامبر 2021 - 12:58
قرآن و سنت میں سود کو حرام قرار دیتے ہوئے پوری صراحت کیساتھ اس کے لین دین سے سختی سے منع کیا گیا ہے،ملی یکجہتی کونسل
لاہور میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین سبزواری نے کہا کہ جب تک سودی نظام معیشت سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر لیا جاتا، اسوقت تک بہتری ممکن نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار ہی اسکی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ملکی حالات دن بدن خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے عوام کو ظلم، بے انصافی، مہنگائی اور غربت کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ عوام نے تحریک انصاف سے بڑی امیدیں لگائی تھیں مگر وہ پوری نہیں ہوسکیں۔ جب تک پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی پاکستان نہیں بنایا جائے گا، اس وقت تک ملک و قوم کو درپیش مسائل ختم نہیں ہوسکتے۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے عوام کیلئے ایک بڑی نعمت ہے، جو مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کو اکٹھا کرتی ہے، اسلام کے نام پر وجود میں آنیوالے ملک میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول (ص) کا نظام ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے زیر اہتمام قرآن آڈیٹوریم لاہور میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی سازشوں کا شکار ہے، ان کا مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سود اور سودی نظام پر مبنی معیشت اور تجارت معاشی استحصال اور کسی بھی معاشرے میں معاشی عدم مساوات کا بنیادی سبب ہے۔ قرآن و سنت میں سود کو حرام قرار دیتے ہوئے پوری صراحت کیساتھ اس کے لین دین سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔ دینی جماعتوں کو مل کر ملک میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے کوشش کرنی چاہیئے۔ اسلامی نظام کا قیام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ ملک میں اس وقت عوام حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں، عوام کو عدل و انصاف نہیں مل سکا اور نہ ہی تحریک انصاف نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کرادار ادا کیا ہے، بلکہ لوگوں کیلئے شدید مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اردگرد موجود مافیا ہی ملک میں مہنگائی کا اصل ذمہ دار ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے پورا ملک ہی آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، معیشت سے لے کر خارجہ پالیسی تک کوئی ایک سیکٹر بھی ایسا نہیں، جہاں آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور دیگر غیر ملکی اداروں کی مداخلت نہ ہوتی ہو۔ جو حشر تحریک انصاف نے ملک کا کر دیا ہے، اس کو دیکھا جائے تو ہمیں اپنے دشمنوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے نومنتخب صدر جاوید قصوری نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں نے ملک و قوم کیساتھ دشمنوں سے بھی بدتر سلوک کیا اور مسلسل کر رہے ہیں، قوم کب تک ان کرپٹ افراد کی باتوں پر یقین کرکے ان کو اپنے سروں پر بٹھاتی رہے گی۔ ان کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔ ملک و قوم کو بے داغ، پڑھی لکھی، محب وطن اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ پر ملکی و غیر ملکی تمام ادارے پریشان ہیں، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بعد ایشیائی ترقیاتی بنک کے بھی مہنگائی میں اضافے کے حوالے سے خدشات حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا ثبوت ہیں۔ مگر بدقسمتی سے حکومتی ترجمان حقائق کا ادراک کرنے کی بجائے الٹا معاشی ترقی کے گن گا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے بیانات اور طرز عمل عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، تحریک انصاف نے عوام کو روزگار اور گھر دینے کا وعدہ کیا تھا مگر عملاً عوام سے نہ صرف روزگار اور گھر چھین لیا ہے بلکہ الٹا دو وقت کی کی روٹی بھی میسر نہیں۔ غریب مزدور طبقہ غربت کی پستیوں میں گھر چکا ہے۔ جماعت اسلامی 28 نومبر کو اسلام آباد میں مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔

شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین سبزواری نے کہا کہ جب تک سودی نظام معیشت سے چھٹکارہ حاصل نہیں کر لیا جاتا، اس وقت تک بہتری ممکن نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار ہی اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ یعقوب شیخ نے کہا کہ ملک پر نااہل، ناتجربہ کار اور تاریخ کے ناکام ترین حکمران مسلط ہیں۔ جنھیں اندازہ ہی نہیں مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ نصیر احمد نورانی نے کہا کہ سونامی حکومت نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے حکومت نے عوام دشمنی کی مثال پیش کی ہے۔ مرزا ایوب بیگ نے کہا کہ وزیر خرانہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عملدرآمد کی خوشخبری سناتے ہوئے گیس کی قیمت میں اضافے کی نوید سنا رہے ہیں۔ البصیرہ کے سربراہ ثاقب اکبر نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے ہمیشہ ملک میں مفاہمت کی فضا کو بڑھایا ہے اور آئندہ بھی اس تناظر میں کام کرتے رہیں گے۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25133