5

وزیراعظم نے نجف اور کربلا سمیت دنیاکے پانچ شہروں میں قونصل خانوں کے قیام کی منظوری دیدی

  • News cod : 25704
  • 24 نوامبر 2021 - 13:59
وزیراعظم نے نجف اور کربلا سمیت دنیاکے پانچ شہروں میں قونصل خانوں کے قیام کی منظوری دیدی
وزیراعظم عمران خان نے پانچ نئے قونصل خانوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت خارجہ نے اٹلانٹا، میونخ، ناپولی، نجف اور کربلا میں قونصل خانے کھولنے کی تجویز دی تھی۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم عمران خان نے پانچ نئے قونصل خانوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد پاکستان اور مختلف ممالک کے درمیان تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ قونصل خانے امریکا، جرمنی، ترکی اور عراق کے شہروں میں کھولے جائیں گے۔ دفتر خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ ہم نے اٹلانٹا، میونخ، ناپولی، نجف اور کربلا میں قونصل خانے کھولنے کی تجویز دی تھی جسے وزیراعظم عمران خان نے منظور کرلیا ہے۔

وزارت خارجہ کی تجاویز پر اب وزیر اعظم ہائوس قونصل خانے کھولنے کی تصدیق کرے گا۔ یہ پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب اسلام آباد پہلے ہی مغربی افریقا میں چار قونصل خانے کھولنے کا فیصلہ کرچکا تھا جس میں مالے، کمپالا، برکینا فاسو اور بینن کے قونصل خانے شامل ہیں۔

فی الحال پاکستان کے 87 ممالک میں 114 قونصل خانے ہیں۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ میونخ، اٹلانٹا، ناپولی، نجف اور کربلا سے ہزاروں پاکستانیوں نے وزارت خارجہ سے قونصل خانے کھولنے کا مطالبہ کیا تاکہ ان شہروں میں انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزارت خارجہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو آگاہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو میونخ اور اس کے نواحی علاقوں جنوبی جرمنی کی ریاست باواریا میں آزاد قونصل خانے کی ضرورت ہے۔ وزارت خارجہ نے اس ضمن میں وزیراعظم سے مدد طلب کی

۔ رکن قومی اسمبلی جیمز اقبال کے ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ جرمن ریاست باواریا میں بڑی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں جن کی تعداد تقریباً 35 ہزار ہے

ان میں طلبا، کاروباری افراد اور نوکری پیشہ افراد شامل ہیں جب کہ تقریباً 15 ہزار پاکستانی نژاد جرمن شہری بھی یہاں مقیم ہیں۔ فی الوقت باواریا ، فرینکفرٹ کے قونصل خانے کے دائرے میں آتا ہے (جو تقریباً میونخ سے 400 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے) جو کہ پاکستانی برادری کی تمام ضروریات پوری نہیں کرسکتا جس کی وجہ اس کا میونخ سے فاصلہ ہے۔

ایک اور مجوزہ قونصل خانے سے متعلق وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی اٹلی میں تقریباً 25 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جو قونصلر خدمات کے حصول کے لیے 5-6 گھنٹوں کا سفر کرکے روم پہنچتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ناپولی میں قونصل خانے کے قیام کی تجویز دی گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں وزارت خارجہ کے جمع کیے گئے جواب کے مطابق، اٹلانٹا (جارجیا) میں تقریباً 35 ہزار پاکستانی رہائش پذیر ہیں جو طویل عرصے سے یہاں قونصل خانہ کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

فی الحال یہاں کے امور کی نگرانی ہمارا ہوسٹن کا قونصل خانہ کررہا ہے، جو کہ مجموعی طور پر 10 ریاستوں کے تقریباً 5 لاکھ پاکستانیوں کو خدمات فراہم کررہا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25704