26

اتحادِ تنظیماتِ مدارس کا اجلاس، ملک گیر سطح پر اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کو منظّم کرنے کا فیصلہ

  • News cod : 25868
  • 29 نوامبر 2021 - 10:20
اتحادِ تنظیماتِ مدارس کا اجلاس، ملک گیر سطح پر اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کو منظّم کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک گیر سطح پر اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کو منظّم کیا جائے گا، دسمبر کے پہلے ہفتے میں صوبائی تنظیمیں مکمل کی جائیں گی اور اس کے بعد ڈویژنل سطح پر تنظیماتِ مدارس کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا.

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کا اجلاس مفتی محمد تقی عثمانی کے زیرِ صدارت دارالعلوم کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کے حسب ذیل قائدین نے شرکت کی:

آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سربراہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، مفتی محمد تقی عثمانی صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان و اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان، مفتی منیب الرحمٰن صدر تنظیم المدارس اہل سنت و ناظم اعلیٰ اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان، محمد حنیف جالندھری  ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان و ترجمان اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان، مولانا یٰسین ظفر سکریٹری جنرل وفاق المدارس السّلفیہ پاکستان،مولانا عبدالمالک  صدر رابطۃ المدارس الاسلامیہ پاکستان، مولانا عبید اللہ خالد  نائب صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان،صاحبزادہ عبدالمصطفٰی ہزاروی  ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان،مولانا محمد سلفی نائب صدر سندھ وفاق المدارس السّلفیہ پاکستان،ڈاکٹر مولانا عطاء الرحمٰن  ناظم اعلیٰ رابطۃ المدارس الاسلامیہ پاکستان،علامہ سید مرید حسین نقوی سئنیر نائب صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان،علامہ صاحبزادہ محمد ریحان امجد نعمانی  ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان صوبہ سندھ،مولانا ضیاء الرحمٰن مسؤول سندھ وفاق المدارس السّلفیہ پاکستان،مولانا عبدالوحید مسؤول کراچی رابطۃ المدارس الاسلامیہ پاکستان، علامہ محمد افضل حیدری سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان،مولانا شبیر حسن میثمی مرکزی رکن کابینہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، علامہ سید فیاض حسین نقوی مرکزی رکن کابینہ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان۔

اجلاس میں اس حقیقت کا اعادہ کیا گیا کہ برصغیر پاک وہند میں، تحریکِ آزادی ہو یا تحریکِ پاکستان،اسلامی تعلیمات اور اسلامی اَقدار کے فروغ میں دینی مدارس وجامعات کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور اس خطے کے علماء کی دینی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے، برصغیر پاک وہند کے دینی مدارس وجامعات کے فضلاء دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں اور دینی خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ پاکستان کے رضاکارانہ سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک گیر سطح پر اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کو منظّم کیا جائے گا، دسمبر کے پہلے ہفتے میں صوبائی تنظیمیں مکمل کی جائیں گی اور اس کے بعد ڈویژنل سطح پر تنظیماتِ مدارس کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دینی مدارس وجامعات کی حُرِّیتِ فکر وعمل، خود مختاری اور خود داری کا برقرار رہنا ملک میں دینی اَقدار کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اسے ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا، خواہ حالات کتنے ہی ناسازگار ہوں۔ نیز یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بالترتیب اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے کنونشن منعقد کیے جائیں گے اور اُن میں معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندہ افراد کو بطورِ مبصّر شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ سب کو حقائق سے آگاہی حاصل ہو، نیز یہ بھی طے کیا گیا کہ ہم حکومت سے تصادم نہیں چاہتےبلکہ تعمیری مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، کیونکہ اس وقت ملک کے داخلی اور خارجی حالات بالخصوص ہمارے گِردوپیش کے حالات کسی تصادم اور خلفشار کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=25868